صدرپاکستان رخصت پر روانہ، گورنر سندھ و خیبرپختونخوا مستعفی

0
243

پاکستان میں پی ٹی آئی حکومت کے خاتمے اور نئے وزیر اعظم شہباز شریف کے انتخاب کے بعدصدر پاکستان چھٹی پر روانہ ہوگئے جبکہ گورنرسندھ عمران اسماعیل اور گورنرخیبرپختونخوا شاہ فرمان اپنے اپنے عہدوں سے مستعفی ہوگئے۔

کہا جارہا ہے کہ صدرپاکستان عارف علوی مختصر رخصت پرچلے گئے۔

ذرائع کے مطابق صدر مملکت عارف علوی مختصر رخصت پر چلے گئے اور وہ شہبازشریف سے وزیراعظم کا حلف نہیں لیں گے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی شہباز شریف سے حلف لیں گے۔

ایوان صدر کے مطابق صدر مملکت عارف علوی علیل ہو گئے اور ڈاکٹر نے صدرمملکت کے معائنے کے بعد انہیں چند روز آرام کا مشورہ دیا ہے۔

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی علالت اور مختصر رخصت کے بعد چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے قائم مقام صدر کی ذمہ داریاں سنبھال لیں۔

قائم مقام صدر صادق سنجرانی وزیراعظم شہباز شریف سے حلف لیں گے اور ایوان صدر میں حلف برداری کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھاکہ تقریب حلف برداری 9 بجے ہوگی۔

دوسری جانب گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

ترجمان گورنر ہاؤس نے شاہ فرمان کے مستعفی ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ گورنرخیبر پختونخوا نے اپنا استعفیٰ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کو بھیج دیا ہے۔

شاہ فرمان خیبرپختونخوا کے 32 ویں گورنر ہیں اور انہوں نے 5 ستمبر 2018 کو خیبرپختونخوا کے گورنرکیطور پر حلف اٹھایا تھا۔

شاہ فرمان 1995 سے پی ٹی آئی کے ساتھ منسلک ہیں وہ پی ٹی آئی ٹکٹ پر 2 بار صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے جب کہ 2013 سے 2018 تک صوبائی وزیر بھی رہے ہیں۔

اسی طرح گورنر سندھ عمران اسماعیل نے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کردیاہے۔

ایک بیان میں عمران اسماعیل نے کہا کہ جیسے ہی شہباز شریف حلف اٹھائے گا میں استعفیٰ دوں گا، نہیں چاہتا ایک لمحے کے لیے بھی شہباز شریف کو سر کہنا پڑے، یہ شخص نااہل ہے، مقصود چپڑاسی کے اکاؤنٹ سے اربوں روپے نکلے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ میں ان کو وزیراعظم نہیں مانتا ہوں، اپنی شفٹنگ کا عمل شروع کردیا ہے، استعفیٰ لکھ کر رکھ لیا ہے صدر مملکت کو بھیج دوں گا۔

گورنر سندھ کا کہنا تھاکہ سامان کی پیکنگ بھی شروع کردی، ایک دو دن میں گورنرہاؤس سے شفٹ ہوجاؤں گا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here