سپریم کورٹ مقدمے کیلئے کافی نہیں،اپوزیشن کا عوام کے پاس جانیکا اعلان

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے مطالبہ کیا ہے کہ قومی اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کو غیر آئینی اقدام قرار دے کر اس کی فی الفور تنسیخ کی جائے۔

اسلام آباد میں متحدہ اپوزیشن کے اجلاس کے بعد دیگر رہنماؤں کے ساتھ میڈیا سے بات کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ’صرف سپریم کورٹ کی عدالت ہمارے مقدمے کے لیے کافی نہیں، ہم براہ راست عوام کے پاس جائیں گے۔‘

انھوں نے اعلان کیا کہ جمعے کے روز یوم تحفظ آئین، یوم نجات اور یوم تشکر منایا جائے گا۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ’الیکشن کا مطالبہ ہمارا ہی تھا، عجیب بات ہے جب اکثریت آپ کے خلاف ہوئی تو خط یاد آ گیا۔ خط آنے کے بعد آپ ایم کیو ایم سے ملے۔ کیا آپ نے اپنے اتحادی کو خط پر اعتماد میں لیا؟‘

انھوں نے حکومت سے سوال کیا کہ ’ایم کیو ایم کی جانب سے اپوزیشن سے اتفاق کے بعد بھی حکومتی وفد ان سے ملا۔ کیا اس وقت بھی ان سے خط کا تذکرہ کیا گیا؟‘

’پنجاب میں کون سا خط آیا ہے؟ وہاں بھی آئین کو، قوائد و ضوابط کو پامال کیا گیا۔ جمہوریت کا لبادہ اوڑھ کر یہ بدترین آمریت ہے۔‘

اپوزیشن کی جانب سے ایک بار پھر مطالبہ کیا گیا کہ ’خط کے بارے نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کے اراکین اپنی پوزیشن واضح کریں۔ ان کے ابہام سے غیر جانبداری کا دعوی مشکوک ہوتا ہے۔ اس لیے ضروری ہے کہ وہ اپنی پوزیشن واضح کریں۔‘

Share This Article
Leave a Comment