پاکستان کے ڈپٹی اٹارنی جنرل خالد محمود خان کا کہنا ہے کہ سپیکر قاسم سوری اور وزیر اعظم عمران خان کا اقدام آئین کی خلاف ورزی ہے۔
نجی ٹی وی چینل جیو نیوز سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’کسی جمہوری حکومت میں، پاکستان کی تاریخ میں ایسا کبھی نہیں ہوا۔‘
وہ کہتے ہیں کہ ’عمران خان نے آئین اور قانون کے ساتھ کھلواڑ کیا۔‘
خالد محمود خان نے کہا کہ ’اٹارنی جنرل کو ذاتی طور پر جانتا ہوں، وہ ایماندار ہیں۔ میرے خیال سے ان سے غلط قانونی رائے مانگی جاتی تھی۔‘
آیا حکومت نے اٹارنی جنرل سے مشاورت کی؟ اس سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ’مجھ سے مشاورت نہیں کی گئی۔ مجھے معلوم نہیں کہ آیا وہ (اٹارنی جنرل) آن بورڈ تھے۔‘
سپیکر کے اقدام پر انھوں نے کہا کہ یہ قانون اور آئین کی خلاف ورزی ہے اور یہ وزیر اعظم کی مرضی کے مطابق ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ’میرے خیال میں سپریم کورٹ ایکشن لے، از خود نوٹس لینا چاہیے۔‘