پاکستان میں متحدہ اپوزیشن نے وزیراعظم عمران خان کے بعد اب اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد جمع کرادی ہے۔
اپوزیشن کی جانب سے اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کا یہ اقدام آج اس وقت اٹھایا گیا کہ جب کچھ ہی وقت بعد وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی ہے۔
تحریک مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
اپوزیشن کی جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر 100 سے زائد اراکین قومی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔
مرتضی جاوید عباسی نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد تیار ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسد قیصر کے خلاف تحریک جمع نہ کرواتے تو اپوزیشن کے لیے مسائل پیدا ہو سکتے تھے، تحریک جمع ہونے کے بعد اب اجلاس 7 روز تک ملتوی نہیں کیا جا سکتا۔