اسلام آباد: جے یو آئی کی 18 کارکنان گرفتار، مولاناکا پاکستان بھر کی سڑکیں بند کرنیکا اعلان

0
288

پاکستان کے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کی پولیس نے جمعرات کو حزبِ اختلاف کی جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کی ذیلی تنظیم انصار الاسلام کے کارکنان کے خلاف پارلیمنٹ لاجز میں کارروائی کی ہے۔

اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ انھوں نے جو یو آئی ایف کے رکن قومی اسمبلی صلاح الدین ایوبی سمیت 18 افراد کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق انصار الاسلام کے کارکنان جمعرات کی صبح سے پارلیمنٹ لاجز میں پھر رہے تھے اور وہاں ان کی موجودگی کا ذکر سوشل میڈیا پر بھی کیا جا رہا تھا۔

ان کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ لاجز کی سکیورٹی کی ذمہ داری سپیکر قومی اسمبلی پر عائد ہوتی ہے اور اس آپریشن کا حکم ان کی طرف سے دیا گیا تھا۔

شہزاد ملک کے مطابق اس آپریشن کے دوران اپوزیشن رہنما خواجہ سعد رفیق اور کامران مرتضی زخمی ہوئے ہیں۔

تاہم اسلام آباد پولیس نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا ہے کہ انصار الاسلام فورس کے کارکنان زبردستی پارلیمنٹ لاجز میں داخل ہوئے جس پر نوٹس لیتے ہوئے آئی جی اسلام آباد محمد احسن یونس نے پہلے ڈی چوک پر قائم ناکہ انچارج، پارلیمنٹ لاجز کے انسپکٹر انچارج اور لائن آفیسر کو معطل کر دیا اور پھر آپریشن کا حکم دیا۔

پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے پارلیمنٹ لاجز سے پولیس فورس کے فوری انخلا کا مطالبہ کیا ہے۔

ٹوئٹر پر پیغام میں وہ کہتے ہیں کہ ’ارکان پارلیمان کی رہائش گاہوں پر دھاوا غنڈہ گردی ہے، ارکان پارلیمنٹ پر پولیس تشدد، گرفتاری اور بدسلوکی انتہائی قابل مذمت ہے۔‘

شہباز شریف کا دعویٰ ہے کہ ’پولیس کے ذریعے ارکان پارلیمان کا محاصرہ تحریک عدم اعتماد سے پہلے عمران نیازی کی ہار کا ثبوت ہے۔ ارکان پارلیمنٹ کی پرائیویسی، آئین و قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پولیس کا لاجز میں جانا آمریت اور فسطائیت ہے۔‘

’ارکان پارلیمان کو کوئی گزند پہنچا تو ذمہ دار عمران نیازی اور ان کی حکومت ہوگی۔‘

جماعت جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے اپنی جماعت کے کارکنان کو اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت دی ہے۔ انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘میں اپنی گرفتاری پیش کرتا ہوں۔۔۔ ہم آپ سے لڑیں گے، میدان میں لڑیں گے۔ جو کارکنان نہیں پہنچ سکتے وہ اپنے اپنے شہروں میں سڑکیں بلاک کریں۔‘

مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ آصف نے کہا ہے کہ یہ سپیکر قومی اسمبلی کی ناکامی ہے کہ وہ پارلیمنٹ لاجز کی حفاظت نہیں کر سکے۔

ترجمان پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے ’پارلیمنٹ لاجز پر پولیس کی چڑھائی’کی مذمت کی ہے۔ وہ کہتی ہیں کہ ’وزیراعظم عمران نیازی اراکین پارلیمنٹ کو خوفزدہ نہیں کر سکتے۔

’پولیس اور انتظامیہ کٹھ پتلی وزیر اعظم کے غیر قانونی احکامات پر عمل نہ کرے اور ایسی ہمت تو آمر پرویز مشرف بھی نہیں کر سکے۔ نیازی نے خود کو بے نقاب کر دیا ہے۔‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here