یوکرین میں لڑنے کیلئے روسی فوج میں کرائے کے شامی فوجیوں کی بھرتی کا انکشاف

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکی حکام نے معتبر جریدے ”وال اسٹریٹ جرنل“ کو بتایا ہے کہ روس شہروں میں لڑائی کرنے کے ماہر شامی فوجیوں کو یوکرین میں لڑنے کے لیے بھرتی کر رہا ہے تاکہ یوکرین کے بڑے شہروں پر کنٹرول حاصل کر سکے۔

خفیہ ادارے کے حکام نے جریدے کو یہ نہیں بتایا کہ ان کرائے کے فوجیوں کی تعداد کتنی ہے جنھوں نے جنگ میں حصہ لینے کی حامی بھری ہے لیکن یہ ضرور ہے کہ ان میں سے کچھ تو روس پہنچ بھی چکے ہیں اور اس وقت یوکرین میں لڑنے کی تیاری کر رہے ہیں۔

ایک شامی جریدے دیر الزورکے مطابق روس نے ایسے رضاکار فوجیوں سے چھ ماہ کے لیے یوکرین جا کر بطور محافظ کام کرنے کے عوض 200 سے 300 ڈالر کی تنخواہ کا وعدہ کیا ہے۔

اطلاعات کے مطابق ماسکو میں حکام کا ماننا ہے کہ شامی خانہ جنگی میں ایک دہائی سے لڑنے والے ان جنگجوؤں کی تعیناتی سے روس کو یوکرین کے شہروں خصوصاً کیؤ کا کنٹرول حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔

دوسری جانب یوکرین کے دفاعی حکام نے خبردار کیا ہے کہ روس اپنی فوجوں کو دارالحکومت کیؤ پر بھرپور حملہ کرنے کے لیے تیار کر رہا ہے۔

یوکرین کی فوج کے جنرل سٹاف کی جانب سے دی گئی اپ ڈیٹ کے مطابق، ماسکو کی فوجوں نے شہر پر حملے کے لیے وسائل جمع کرنے شروع کر دیے ہیں اور اس سلسلے میں کیؤ کے نزدیک شہر ارپن کی جانب سے ٹینک اور دیگر یونٹس پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔

ان کے مطابق روسی کمانڈرز اپنی فورسز کو ایندھن کی فراہمی بذریعہ بیلاروس اور چرنوبل کر رہے ہیں۔ اس کے علاوہ حکام کے مطابق روسی افواج مشرقی شہروں خاخیو، چرنیہیو، سومی اور جنوبی شہر میکوالیو کا محاصرہ کر رہی ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment