بلوچستان کے علاقوں مند اورچمن میں فائرنگ جبکہ وڈ ھ میں ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 3افراداپنی قیمتی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
ضلع کیچ کے علاقے مند میں نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک کرکٹ کھلاڑی کو قتل کردیا۔
ذرائع کے مطابق ساچان کرکٹ گراؤنڈ بلومند میں جمعرات کی شام پانچ بجے کرکٹ کا میچ چل رہاتھا کہ دو موٹرسائیکلوں پر سوار چار افراد نے آکر ٹیم کے کیپٹن آدم ولد شاہ مراد پر فائرنگ کردی جس سے وہ موقع پر ہلاک ہوگئے۔
پولیس کے مطابق قتل کی وجہ معلوم نہ ہوسکی ہے،پولیس واقعہ کی مزید تحقیقات کررہی ہے۔ جبکہ اس واقعہ کی ذمہ داری تاحال کسی شخص یا تنظیم نے قبول نہیں کی ہے۔
اسی طرح چمن میں مشرقی بائی پاس پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیویز اہلکار ہلاک ہوگیا۔
ذرائع کے مطابق محمد نعیم نامی لیویز اہلکار کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کر کے شدید زخمی کر دیا جس کے بعد زخمی اہلکار کو فوری طور پر چمن سول ہسپتال منتقل کر دیا گیا جہاں زخمی لیویز اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگئے۔
لیویز اہلکار محمد نعیم ولد حاجی نصیب قوم عشیزئی بتایا گیاہے جو چمن کا مستقل باشندہ تھا۔
درئیں اثناوڈھ میں کلی براہمزئی کے مقام پر کوئٹہ سے کراچی جانے والی ٹرالر اور موٹرسائیکل حادثے میں محمد فہیم نامی نوجوان موقع پر ہلاک جبکہ دو افراد شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والوں میں شکیل احمد اور فاروق احمد شامل ہیں۔
شدید زخمیوں اورہلاک شخص کو فوری طورپر وڈھ ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس نے ٹرالر کو قبضے میں لیکر مزید کارروائی شروع کردی۔