بلوچستان افغانستان کے چمن سرحد پر پیدل آمد و رفت کا کنٹرول ایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق جمعہ کو چمن میں پاکستانی فوج اور ایف سی حکام کی جانب سے بلوچستان افغانستان سرحد پر پیدل آمد و رفت کا نظام باقاعدہ طور پرایف آئی اے کے حوالے کردیا گیا۔
حکام کے مطابق سرحد پر ایف آئی اے کے 60اہلکار تعینات کئے گئے ہیں جو خود کار جدید تصدیقی نظام (آئی وی اے ایس) کے ذریعے افغان باشندوں کا تذکرہ اور پاکستانی باشندوں کا شناختی کارڈ چیک کر نے کے بعد انہیں پید ل آنے اور جانے کی اجازت دیں گے۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق پاسپورٹ کے حامل افراد کی تصدیق انٹیگریٹڈ بارڈر مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے کی جائیگی۔
اس حوالے سے بلوچستان افغانستان سرحد پر پیدل آمد و رفت کے نظام کی باقاعدہ طور پر ایف آئی اے کے سپرد کرنے کی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں ڈائر یکٹرایف آئی اے نے پید ل آمد و رفت کے نظام کا افتتاح کیا۔