حب سے 2 افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں جبکہ مچھ میں ٹریفک حادثے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا ہے۔
بلوچستان کے صنعتی شہر حب چوکی اور کراچی سے منسلک علاقہ نادرن بائی پاس سے پولیس کو دو افراد کے لاشیں ملی ہیں۔
لاشوں کو ریسکیو اہلکاروں نے تحویل میں لے کر اسپتال منتقل کردیا ہے۔
ریسکیو حکام کے مطابق لاشیں ایک ماہ سے زائد پرانی ہیں، لاشوں کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی جبکہ مقتولین کی عمر یں 25 سے 30 سال بتائی جارہی ہیں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ کپڑوں کی تلاشی کے دوران لاشوں سے شناختی دستاویز نہیں ملے ہیں۔
واضع رہے کہ بلوچستان میں اس طرح کی مسخ اور پرانی لاشوں کوشناختی پیریڈ سے گزارے بغیر لاوارث قرار دیکر دفنا دیا جاتا ہے۔جن پر لاپتہ افراد کے خدشے کا اظہار کیا جاتا ہے۔
دریں اثنابلوچستان کے علاقے مچھ میں ٹرک اور رکشہ میں تصادم کے نتیجے میں ایک شخص ہلاک، ایک ہی خاندان کے پانچ بچے شدید زخمی ہوگئے۔
زخمی ہونے والے بچوں کو سول ہسپتال مچھ میں ابتدائی طبی امداد کے بعدمزید طبی امداد کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق مچھ پل کے قریب بولان قومی شاہراہ پر کوئٹہ سے سبی جانیوالی رکشہ اور مخالف سمت سے آنیوالے ٹرک آپس میں ٹکراگئے جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار سعداللہ ولد نظر محمدسکنہ کوئٹہ موقع پرہلاک ہوگیا اور پانچ معصوم بچے زخمی ہوگئے۔
زخمی بچوں میں محمد عارف خان شاہد خان شاہ زیب خان ادریس خان شامل ہیں۔ہلاک اور زخمی ہونے والے بچوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتائی جارہی ہے۔
زخمی ہونے والے معصوم بچوں کو مچھ ہسپتال میں ابتدائی طبی امداد کے بعد مزید طبی امداد کیلئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا۔
لاش ضابطے کی کاروائی کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا۔