قلات کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دو مختلف ٹریفک حادثات میں ایک شخص ہلاک جبکہ خواتین وبچوں سمیت 7 افراد شدید زخمی ہوگئے ہیں۔
زخمیوں کوابتدائی طبی امداد کے بعد مزید علاج کیلئے کوئٹہ منتقل کردیاگیاہے۔
تفصیلات کے مطابق قلات اور منگچر کے درمیانی علاقے مرجان کے قریب کوئٹہ کراچی شاہراہ پر دو ٹوڈی کارگاڑیوں کی آپس میں ٹکر سے حیدر حسین ولد سہیل اختر قوم سید سکنہ گلشن جمشید کراچی نامی ایک شخص ہلاک ہوگیا جبکہ چھ افراد زخمی ہوگئے۔
زخمیوں کی شناخت شہزاد ولد محمد یوسف،سکنہ کراچی، عطرحسین ولد محمد شبیر قوم سید سکنہ گلشن حبیب کراچی، عبدالستار ولد حاجی مولاداد سکنہ کوئٹہ، مسمات م زوجہ مشتاق احمد سکنہ کوئٹہ، محراب دختر مشتاق احمد، مشتاق احمد ولد نا معلوم سکنہ کلی شابو کوئٹہ کے ناموں سے ہوگئی ہیں۔
جبکہ دوسرا حادثہ رودینجو گدان ہوٹل کے قریب کراچی جاتے ہوئے ٹوڈی کار کی بریک فیل ہونے کے باعث دس ویلر گاڑی سے ٹکر ہوئی جسکے باعث ٹوڈی میں سوار ایک بچہ زخمی ہوگیا۔
زخمیوں کو سول ہسپتال قلات پہنچادیا گیا جہاں طبی امداد دینے کے بعد مزید علاج کے لئے کوئٹہ ریفر کردیا گیا اور لاش کو ورثا کے حوالے کردیا گیا۔