پاکستان میں اب تک کم از کم 52 افراد میں کوروناوائرس (کووڈ-19) ہو گئی ہے جبکہ صوبہ سندھ میں کووڈ 19 کے سب سے زیادہ 34 کیسز سامنے آئے ہیں۔
پاکستان کے قومی ادارہ برائے صحت کی جانب سے جاری کیے گئے اعداد و شمار کے مطابق بلوچستان میں 11 افراد میں کورونا کی تشخیص ہوئی ہے۔
سامنے آنے والے کیسز میں سب سے بڑی تعداد صوبہ سندھ کے شہر سکھر سے تھی جہاں سندھ کے وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ کے مطابق کل 13 افراد میں کووڈ 19 کی تشخیص ہوئی ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اب تک دو کیسز کی تصدیق ہوئی ہے تاہم پمز کے ترجمان نے بی بی سی سے بات کرتے ہوئے یہ تعداد چار بتائی ہے۔
گلگت بلتستان میں اب تک پانچ کیسز سامنے آئے جبکہ آج پنجاب میں کورونا وائرس کا پہلا کیس لاہور میں سامنے آ گیا ہے۔
خیال رہے کہ جن افراد کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ نتائج مثبت آئے ہیں انھیں آئسولیشن وارڈز میں رکھا گیا ہے تاکہ اس بیماری کے پھیلاو¿ کو روکا جاسکے۔