میر شکیل الرحمان کی گرفتاری باعث تشویش ہے ،امریکا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

امریکا نے جنگ اور جیو گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کی قومی احتساب بیورو (نیب) کے ہاتھوں گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔

امریکا کی نائب معاون وزیر خارجہ برائے جنوبی اور وسطی ایشیا ایلس ویلز نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ امریکا نے پاکستان کی سب سے بڑی میڈیا کمپنی کے مالک کی گرفتاری کو تشویش کے ساتھ نوٹ کیا ہے۔

ایلس ویلز نے مزید کہا کہ میڈیا کی آزادی، شفاف قانونی عمل اور قانون کی حکمرانی ہر جمہوریت کے لیے ستون ہے۔

امریکا کے علاوہ دیگر عالمی صحافتی تنظیموں اور اداروں نے بھی میر شکیل الرحمان کی گرفتاری پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ان کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ ن، پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر قیادت اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان نے بھی نیب کے اس اقدام پر اظہار افسوس کرتے ہوئے شدید مذمت کی ہے۔

واضح رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے 34 برس قبل مبینہ طور پر حکومتی عہدے دار سے غیرقانونی طور پر جائیداد خریدنے کے کیس میں جنگ گروپ کے ایڈیٹر انچیف میر شکیل الرحمان کوحراست میں لیا ہے جس کے تمام الزامات جھوٹے ثابت ہوچکے ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ کے مطابق یہ پراپرٹی 34 برس قبل خریدی گئی تھی جس کے تمام شواہد نیب کو فراہم کردیے گئے تھے جن میں ٹیکسز اور ڈیوٹیز کے قانونی تقاضے پورے کرنے کی دستاویز بھی شامل ہیں۔

ترجمان جنگ گروپ کا کہنا ہے کہ میر شکیل الرحمان نے یہ پراپرٹی پرائیوٹ افراد سے خریدی تھی، میر شکیل الرحمان اس کیس کے سلسلے میں دو بار خود نیب لاہور کے دفتر میں پیش ہوئے، دوسری پیشی پر میر شکیل الرحمان کو جواب دینے کے باوجود گرفتار کر لیا گیا، نیب نجی پراپرٹی معاملے میں ایک شخص کو کیسےگرفتار کر سکتا ہے؟ میر شکیل الرحمان کوجھوٹے، من گھڑت کیس میں گرفتارکیاگیا، قانونی طریقے سے سب بےنقاب کریں گے۔

Share This Article
Leave a Comment