ایران نے 57 برس بعد آئی ایم ایف سے قرض کی درخواست کردی

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

ایران نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے 57 برس بعد عالمی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے قرض کی درخواست کردی۔

ایران کے وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا کہ ایران نے آئی ایم ایف سے کہا ہے کہ وہ کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے ایران کو مدد فراہم کرے۔

واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ میں ایران، کورونا وائرس سب سے زیادہ متاثر ملک ہے جہاں اب تک 429 افراد ہلاک اور 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہو چکے ہیں۔

ایران کے متعدد پڑوسی ممالک نے اس عالمی وبا کے باعث سرحدیں بند کردی ہیں جس کے باعث تہران کی معاشی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا۔

جواد ظریف نے اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ آئی ایم ایف کی منیجنگ ڈائریکٹر کرسٹالینا جورجیفا نے بتایا کہ کورونا وائرس سے متاثرہ ممالک کے لیے ریپڈ فنانشل انسٹرومنٹ (آر ایف آئی) کے ذریعے مالی مدد فراہم کی جائے گی اور ہمارے مرکزی بینک نے فوری طور پر اس سہولت تک رسائی کی درخواست دی ہے۔

ایران کے سینٹرل بینک کے سربراہ عبدالناصر ہیمتی نے اپنے انسٹاگرام پیج پر لکھا کہ ‘ہم نے آئی ایم ایف سے آر ایف آئی کے ہنگامی فنڈز کے تحت 5 ارب ڈالر کی درخواست کی ہے تاکہ کورونا وائرس کے خلاف حکمت عملی تیار کر سکیں۔

خیال رہے کہ ایران میں تین ہفتے قبل کورونا وائرس کا پہلا کیس سامنے آیا تھا جس کے بعد متاثرین کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے جس کے پیش نظر ملک بھر میں اسکولوں اور جامعات سمیت اہم ثقافتی مراکز اور کھیلوں کے مقابلے بھی معطل کردیے گئے ہیں۔

ایران میں کورونا وائرس کے خلاف حفاظتی اقدامات کے تحت دفاتر میں کام کے اوقات میں بھی کمی کردی گئی ہے اور گزشتہ روز ایران کی ایمرجنسی سروس کے سربراہ کی بھی متاثر ہونے کی تصدیق کردی گئی تھی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایران کے سپریم لیڈر کی مشاورتی کونسل کے 72 سالہ رکن محمد میر محمدی بھی کورونا وائرس سے ہلاک ہوئے تھے۔

ایران کے نائب وزیر صحت بھی کورنا وائرس سے متاثر ہوئے تھے جنہیں کھانسی کی شکایت پر ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا اور اسی دوران ٹیسٹ کیا گیا جو مثبت آیا تھا، اس سے قبل 25 فروری کو پریس کانفرنس کے دوران انہیں تکلیف ہوئی تھی۔

خیال رہے کہ چین سے پھیلنے والا یہ وائرس اب دنیا کے کئی ممالک تک پھیل چکا ہے اور ایران میں چین کے بعد سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور متاثرین مین جنوبی کوریا دوسرے نمبر پر ہے تاہم ہلاکتیں ایران سے کم ہوئی ہیں۔

چین میں نئے کورونا وائرس سے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 38 ہلاکتیں ہوئیں تاہم نئے کیسز کی تعداد مسلسل تیسرے روز بھی کم رہی۔

Share This Article
Leave a Comment