جماعت اسلامی بلوچستان کے جنرل سیکرٹری اور گوادر کو حق دو تحریک کے سربراہ مولانا ہدایت الرحمن نے کہا ہے کہ گوادر پورٹ جب ہمارا نہیں ہوگا تو کسی اور کا بھی نہیں ہونے دینگے، گوادر کے ماہی گیروں کا روزگار بند ہے تو گوادر پورٹ کو بھی بند ہوناچاہیے۔
انہوں نے کہاکہ 30 تاریخ کو ایسا دھرنا دینگے کہ پورا بنی گالہ ہل جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پسنی میں ماہی گیروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے سمندر کو تباہ کرنے میں ضلعی انتظامیہ سے لیکر وہ قوتیں بھی شامل ہیں جو آئے روز ہمارے غریب لوگوں کی تذلیل کرتے ہیں، گوادر کا دھرنا سب کے ہوش ٹھکانے پر لائے گا۔
انہوں نے کہاکہ ٹرالر مافیا اب دہشت گردی پر اتر آیا ہے اورماڑہ میں نہتے ماہی گیروں پر حملہ کیاگیا ان پر فائرنگ کی گئی اِن تمام عوامل کے پیچھے مافیا ملوث ہے۔
انہوں نے کہا عجیب بات ہے کہ محکمہ فشریز کے سیکورٹی اہلکاروں کو ربر کی گولیاں دیکر ٹرالروں پر فائر کرنے کا کہا جاتا ہے جبکہ لیویز فورس کے پاس اصلی گولیاں ہیں تو ڈپٹی کمشنر گوادر کہتا ہے کہ ٹرالروں پر فائر مت کریں۔
انہوں نے کہاکہ ٹرالر مافیا کو روکنے اور انھیں بھگانے کے لیے تمام ادارے سنجیدگی کا مظاہرہ کریں پولیس،لیویز،نیوی،آرمی فشریز سب مل کر سمندر کے اندر غیر قانونی ٹرالنگ کے خلاف کاروائی کریں۔
انہوں نے کہاکہ ہوشاپ میں معصوم بچوں کو شہید کردیاگیا لواحقین گورنر ہاس کے سامنے دھرنا دیے بیٹھے ہیں لیکن کوئی حکومتی وزرا ان کے پاس نہیں آیا۔
انہوں نے کہاکہ 30 اگست کو ملافاضل چوک پر پریس کانفرنس کرینگے اور دھرنے کا اعلان کیا جائے گا ایسا دھرنا دینگے کہ بنی گالہ بھی ہل جائے گا۔
انہوں نے کہا جب ہمارے ماہی گیروں کا روزگار بند ہے ان کا معاش بند ہے تو پی سی ہوٹل اور گوادر پورٹ کیوں کھلے ہیں ہم گوادر پورٹ اور پی سی ہوٹل کے مین شاہراہ پر دھرنا دیکر اسے غیرمعینہ مدت کے لیے بند کردینگے۔
انہوں نے کہاکہ ہم اب جلسہ اور جلوسوں کے زریعے اپنے لوگوں کا روزگار بند نہیں کرینگے بلکہ گوادر پورٹ کو بند کردینگے دوکانوں کو بند کرکے اپنے لوگوں کا نقصان نہیں کرینگے۔
انہوں نے کہاکہ دھرنے کے شرکا اپنے راشن کا انتظام کرکے آجائیں ہمارا دھرنا غیر معینہ مدت تک چلے گا تب تک دھرنا دینگے جب تک سمندر کو غیرقانونی ٹرالنگ سے پاک نہیں کیا جاتا۔