تفتان میں شہری کو 3 کروڑ تاوان کیلئے اغوا کرلیا گیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

تفتان کے رہائشی عبدالحمید حسن زئی نے دالبندین پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے والد تاج محمد کو اغواکاروں کی چنگل سے آزاد کیا جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کے والد کو تفتان کے چند بااثر عادی مجرمان نے کچھ ماہ قبل اغوا کرکے حبس بے جا میں رکھا ہوا ہے جو رہائی کے لیے تین کروڑ روپے تاوان طلب کررہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایک سال قبل ان کے چچا محمد رضا کو مذکورہ افراد نے تاوان کے لیے اغوا کیا تھا لیکن جب کچھ نہ بن پایا تو دو مہینے بعد ان کو چھوڑ کر میرے والد کو اغوا کیا گیا۔

ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ والد کے اغوا میں ملوث ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروایا ہے لیکن ابھی تک ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہورہی۔

ان کا کہنا تھا کہ میرے والد نے بھی اپنے بھائی کی اغوا کا مقدمہ مذکورہ افراد کے خلاف درج کیا تھا جس پر کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔

انہوں نے تحفظ کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ غریب لوگ ہیں ان کے پاس تاوان ادا کرنے کے پیسے نہیں لہذا وزیر اعلی بلوچستان، کور کمانڈر، چیف سیکرٹری اور ڈپٹی کمشنر چاغی انھیں انصاف دلاکر ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لائیں۔

Share This Article
Leave a Comment