انڈیا: افغانستان سے آنیوالی 2 ارب 70 کروڑ ڈالر مالیت کی 3ٹن ہیروئن ضبط

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

انڈیا میں سمگلنگ کی روک تھام کرنے والے انٹیلی جنس حکام نے گجرات کی ایک بندرگاہ پر ایک بڑی کارروائی کے دوران 2700 کلوگرام یعنی تقریباً تین ٹن ہیروئن ضبط کی ہے جس کی مالیت دو ارب 70 کروڑ امریکی ڈالر بتائی جا رہی ہے۔

حکام نے میڈیا کو بتایا کہ ضبط شدہ منشیات کی فرانزک جانچ جاری ہے تاکہ اس کی صحیح قدرو قیمت کا تعین کیا جا سکے۔

اس بابت ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے اور کئی دیگر سے تفتیش کی جا رہی ہے۔

ہیروئن کی یہ کھیپ افغانستان سے چلی تھی جہاں اسے قدرتی سفید پتھر کا پاؤڈر قرار دیا گیا تھا۔

اسے ایران سے گجرات کی مندرا بندرگاہ پر بھیج دیا گیا۔

ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلیجنس (ڈی آر آئی) نے کہا کہ اسے خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ایران کے بندر عباس پورٹ سے ایک کھیپ نکل رہی ہے جس میں مشتبہ طور پر منشیات ہے۔

ڈی آر آئی نے کہا کہ انٹیلی جنس نے یہ بھی انکشاف کیا کہ یہ کھیپ جنوبی ہند کے شہر وجے واڑا کی ایک کمپنی درآمد کر رہی ہے۔

ریونیو انٹیلی جنسی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ’جب ہمارے افسران نے کنسائنمنٹ کو حراست میں لیا اور اس کی جانچ کی تو کنٹینرز سے مشتبہ نشہ آور ادویات برآمد ہوئیں اور ہیروئن کی موجودگی کی تصدیق ہوئی۔‘

حکام نے بتایا کہ قومی دارالحکومت نئی دہلی، احمد آباد اور چینئی سمیت پورے ملک کے متعدد شہروں میں تلاشی لی جا رہی ہے۔

ایجنسی نے کہا کہ ’اب تک کی گئی تحقیقات میں افغان شہریوں کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے، جن سے تفتیش جاری ہے۔‘

اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم (یو این او ڈی سی) کے مطابق افغانستان دنیا کا سب سے بڑا افیون پیدا کرنے والا ملک ہے۔ اس کی افیون کی فصل دنیا کی فراہمی کا 80 فیصد سے زیادہ ہے۔

پوست کے پودے ہیروئن سمیت کئی انتہائی نشہ آور ادویات بنانے کے لیے بہتر ہیں۔

Share This Article
Leave a Comment