نصیرآباد کے ربیع کینال میں زرعی اور آبنوشی کی قلت پر زمیندار اور علاقہ مکین مشکلات سے دوچارہیں۔ربیع کینال کے زمیندار پانی کے حصول کے لیے یکجا ہوگئے اورربیع کینال بچاؤ تحریک کا آغازکردیاگیا ہے۔عنقریب عہدوں کا بھی اعلان کیا جائے گا محکمہ ایریگیشن کی بے حسی کے سبب ربیع کینال کے لوگ نقل مکانی کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں۔
عرصہ دراز سے سینکڑوں دیہاتوں کو آب نوشی کی شدید قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے لوگ مجبوراً دیگر علاقوں سے پانی لا رہے ہیں ربیع کینال میں پانی نہ چھوڑے جانے کی وجہ سے آج کسان کاشتکار اور علاقہ مکین سخت مشکلات سے دوچار ہیں سینکڑوں دیہاتوں کے پینے کے تالاب بھی خشک ہو چکے ہیں۔
محکمہ ایریگیشن کی ہٹ دھرمی کے باعث آج عوام پانی کی بوند بوند کے لئے ترس رہے ہیں اگر ربیع کینال میں جلد از جلد پانی کی فراہمی کو ممکن نہ بنایا گیا تو کا شکار اور علاقہ مکین محکمہ ایریگیشن کے کے غیر مناسب رویے کے خلاف سڑکوں پر نکل آئیں گے جس کی تمام تر ذمہ داری محکمہ ایریگیشن کے آفیسران پر عائد ہوگی ان خیالات کا اظہارنصیرآباد کے معروف سیاسی وسماجی اورزمینداروربیع کینال بچاؤ تحریک کے الحاج ڈاکٹر محمد اسحاق سندرانی، ڈاکٹرعبداللہ ابڑو، محمد حیات سندرانی،خاوند بخش جمالی،بابومیوہ خان بگٹی،بھلیل خان جکھرانی،جمال خان بگٹی،وڈیرہ خاوندبخش جمالی، وڈیرہ شاہن خان رامیزئی، وڈیرہ سبزل خان رامیزئی،وڈیرہ طورخان محمد صلاح،وڈیرہ کرم خان رامیزئی،وڈیرہ سید خان رامیزئی،وڈیرہ جبار،احسان علی مغیری،میر امجد سولنگی،عطاء اللہ بگٹی وڈیرہ نور محمد بگٹی سمیت دیگر نے ربیع کینال کے زمینداروں نے منعقدہ اجلاس کے بعدصحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہاکہ ہر سیزن میں محکمہ ایریگیشن کی جانب سے ربیع کینال کے زمینداروں اور کاشتکاروں کے ساتھ ستم ظریفی کا یہ رویہ جاری رہتا ہے اور وقت پر پانی نہ ملنے کی وجہ سے عوام سخت اذیت سے دوچار ہوتی ہے اور پانی کی قلت کے باعث اس کے اثرات فصلات پر بھی پڑتے ہیں اور کم پیداوار حاصل ہوتی ہیں جس کی وجہ سے کسانوں اور کاشتکاروں کو سالانہ کروڑوں کا نقصان بھی اٹھانا پڑتا ہے اگر محکمہ ایریگیشن کی جانب سے ربیع کینال کے کاشتکاروں کو وقت پر پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے تو انھیں کسی بھی قسم کی مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
محکمہ ایریگیشن کے آفیسر ان کی ہٹ دھرمی سمجھ سے بالاتر عمل ہے انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ بھی محکمہ ایریگیشن ربیع کینال کے کاشتکاروں اور لوگوں کو پانی فراہم نہ کر کے انہیں پیاسا مارنا چاہتا ہے ہم کسی صورت لوگوں کے ساتھ زیادتی اور ظلم برداشت نہیں کریں گے اور ان کے حقوق کے حصول کے لیے ہر ممکن جدوجہد کو یقینی بنائیں گے تاکہ لوگوں کو پینے کے لئے پانی کی فراہمی کو جلد از جلد یقینی بنایا جا سکے اور ان کی مشکلات میں کمی لائی جا سکے۔