غزہ میں امدادی ٹرکوں پراسرائیل کے فضائی حملے، محافظوں سمیت 58 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

فلسطینی علاقے غزہ کی شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا ہے کہ جمعرات کو اسرائیلی فضائی حملوں کے ایک سلسلے میں امدادی ٹرکوں کی حفاظت کرنے والے 12 محافظوں سمیت 58 افراد ہلاک ہو گئے۔

دوسری جانب اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس نے ٹرکوں کو ہائی جیک کرنے کی منصوبہ سازی کرنے والے عسکریت پسندوں کو نشانہ بنایا تھا۔

غزہ کی سول ڈیفینس ایجنسی کے ترجمان محمود بسال نے کہا کہ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں کیے گئے ایک حملے میں سات اورقریبی علاقے خان یونس میں ایک او ر حملے میں پانچ محافظ ہلاک ہوئے۔

ترجمان محمود بسال نے اے ایف پی کو بتایا کہ (اسرائیلی ) قابض نے ایک بار پھر ان کو نشانہ بنایا جو امدادی ٹرکوں کی حفاظت کر رہے تھے، اگرچہ اسرائیلی فوج نے کہا ہے کہ وہ انسانی ہمدردی کے امدادی ٹرکوں پر حملہ نہیں کرتی۔

بسال نے مزید بتایا کہ ان دو حملوں میں لگ بھگ 30 لوگ زخمی ہوئے جن میں سے بیشتر بچے تھے ۔

بسال نےفلسطینی پناہ گزینوں کے لیے اقوام متحدہ کے ادارے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ آٹے سے لدے ٹرک، یو این آر ڈبلیو اے ، یا انروا کے گوداموں کی طرف جارہے تھے ۔ عینی شاہدین نے بعد میں اے ایف پی کو بتایا کہ حملوں کے بعد رہائشیوں نے ٹرکوں سے آٹا لوٹ لیا۔

اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا کہ اس کی فورسز نے جنوبی غزہ میں اسرائیل کے نامزد انسانی ہمدردی کے ایک زون میں موجود حماس کے مسلح عسکریت پسندوں پر رات بھر درست نشانے پر جانچ کر حملے کیے تھے ۔

فوج کے ایک بیان میں کہا گیا، ’’ تمام عسکریت پسند جو ہلاک ہوئے، حماس کے ارکان تھے اور انہوں نے انسانی ہمدردی کے امدادی ٹرکوں کو پرتشدد طریقے سے ہائی جیک کرنے اور انہیں دہشت گردی کی جاری سر گرمی کی مدد کے لیے منتقل کرنے کا منصوبہ بنایا تھا۔

Share This Article