خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق طالبان نے سابق افغان نائب صدر امراللہ صالح کے بڑے بھائی روح اللہ عزیزی کو قتل کر دیا ہے۔
امراللہ پنجشیر میں طالبان مخالف مزاحمتی اتحاد کے رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔
روح اللہ عزیزی کے بھانجے نے اس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’انھوں نے میرے انکل کو قتل کر دیا ہے۔‘
’انھوں نے گذشتہ روز انھیں قتل کیا اور وہ ہمیں یہ اجازت بھی نہیں دے رہے کہ ہم انھیں دفن کر سکیں۔ وہ کہتے رہے کہ ان کی لاش کو گلنے سڑنے دیا جائے۔‘
طالبان سے منسلک ٹوئٹر پر الامارہ نامی اکاؤنٹ نے کہا ہے کہ ’اطلاعات کے مطابق امراللہ صالح کا بڑا بھائی روح اللہ پنجشیر میں لڑائی کے دوران مارا گیا ہے۔‘
تاحال یہ معلوم نہیں کہ مزاحمتی اتحاد کے دیگر رہنما احمد مسعود اور امراللہ صالح کہاں ہیں۔