ٹی ٹی پی نے کوئٹہ میں ایف سی پر بم حملے کی ذمہ داری قبول کرلی

0
454

تحریک طالبان پاکستان نے کوئٹہ میں ایف سی اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے ایک جاری کردہ بیان میں کہا ہے کہ کوئٹہ کے مستونگ روڈ پر ایف سی اہلکاروں کو بارودی جیکٹ اور بارود سے بھرے موٹرسائیکل کے ذریعے ہدف بنایا۔

واضر رہے کہ مذکورہ دھماکے میں فرنٹئیر کور (ایف سی) کے کم از کم چار اہلکار ہلاک جبکہ 16 سیکورٹی اہلکاروں سمیت 18 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

پولیس کے مطابق دھماکہ ایف سی کی چوکی کے قریب ہوا۔

یہ دھماکہ کوئٹہ شہر کے نواحی علاقے ہزارگنجی میں سونا خان تھانے کے علاقے میں ہوا۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ یہاں جب ایف سی کے اہلکار کھڑے تھے تو ان کے قریب ایک زوردار دھماکہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ دھماکے میں دواہلکار موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ باقی دو نے ہسپتال میں دم توڈ دیا۔

پولیس اہلکار نے بتایا کہ اس علاقے میں عام افراد بھی بہت زیادہ ہوتے ہیں لیکن چونکہ دھماکہ صبح ہوا جس کی وجہ سے دھماکے کے وقت عام لوگوں کی بہت بڑی تعداد وہاں موجود نہیں تھی۔ پولیس اہلکار نے بتایا کہ دھماکے کے بارے میں تحقیقات ہورہی ہیں لیکن ابتدائی شواہد اور تحقیقات کے مطابق یہ خود کش حملہ تھا، جس میں سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ جائے وقوعہ پر انسانی اعضا بکھرے پڑے تھے جبکہ ایک موٹر سائیکل کے ٹکڑے بھی قرب و جوار میں نظر آرہے تھے۔ ان شاہدین کا کہنا تھا کہ دھماکے میں سیکورٹی فورسز کی گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کے علاوہ ان کے چار موٹر سائیکلوں کو بھی نقصان پہنچا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here