گذشتہ رات طالبانشدت پسندوں کی جانب سے کابل میں کی گئی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں 17 ہلاکتوں کی اطلاع ہے۔
طلوع نیوز نے کابل کے ایمرجنسی ہسپتال کے حوالے سے بتایا ہے کہ 17 لاشوں اور 41 زخمی افراد کو ہسپتال لایا گیا جو گذشتہ رات کی ہوائی فائرنگ کے نتیجے میں ہلاک یا زخمی ہوئے۔
گذشتہ رات فائرنگ کی اطلاعات کے بعد طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اپنے جنگجوؤں کو ہوائی فائرنگ سے گریز کرنے کو کہا تھا۔
ٹویٹر پر پوسٹ کیے گئے پیغام میں طالبان کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ہوائی فائرنگ کے بجائے خدا کا شکر ادا کریں۔
’ہتھیار اور گولہ بارود آپ کے ہاتھ میں ہے، کسی کو ان کو ضائع کرنے کا حق نہیں ہے۔ یہ گولیاں عام شہریوں کو زیادہ نقصان پہنچاتی ہیں۔ اس لیے بلا ضرورت گولی نہ چلائیں۔‘
دوسری جانب پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی یعنی آئی ایس آئی کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کابل پہنچ گئے ہیں۔
توقع کی جا رہی ہے کہ اس دورے کے دوران وہ طالبان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتیں کریں گے۔