ڈیرہ مراد جمالی میں اسکول ٹیچر قتل،بیلہ میں روڈ حادثے سے پولیس اہلکار ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read
The dead man's body. Focus on hand

ڈیرہ مراد جمالی میں اسکول ٹیچرچاقوسے وار کرکے قتل کردیا گیا جبکہ بیلہ میں ایک روڈ حادثے میں پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔

ڈیرہ مراد جمالی کے کرکٹ گراؤنڈ میں نامعلوم افراد نے چاقوسے وار کرکے اسکول ٹیچر کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

پولیس کے مطابق ڈیرہ مرادجمالی کے شہید غفار سیال کرکٹ اسٹیڈیم میں گزشتہ شب نامعلوم افراد نے چاقو سے وار کرکے اسکول ٹیچر ہدایت شاہ کہری کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔

اطلاع ملنے پر سٹی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی لاش کو تحویل میں لیکر ہسپتال پہنچا دیا جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاش ورثہ کے حوالے کرکے مزید کاروائی شروع کردی ہے۔

ہدایت شاہ کہری کے قتل کی اطلاع ملنے پر ٹیچر ایسوسی ایشن نصیرآباد ڈویژن کے صدر مٹھاخان نے اساتذہ اور طلبہ کے ہمراہ لاش کو سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر رکھ کر بلاک کردیا جس کے بعد دونوں جانب گاڑیوں کی قطار لگ گئی اور مسافروں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا۔

اس موقع پر جی ٹی اے بی نصیرآباد ڈویژن کے صدر مٹھاخان رند نے استاد ہدایت شاہ کے قتل پر گہرے دکھ کا اظہار اور سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ استاد ہدایت شاہ کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے ہم لواحقین کے ساتھ دکھ کی گھڑی میں برابر کے شریک ہیں اور اللہ تعالی سے دعا ہے کہ شہید استاد ہدایت شاہ کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے۔

انہوں نے کہا کہ سٹی پولیس امن و امان قائم کرنے میں بالکل ناکام ہوچکی ہے ہم آئی جی پولیس بلوچستان اور ڈی آئی جی پولیس نصیرآباد رینج سے پر زور مطالبہ کرتے ہیں کہ فی الفور شہید استاد ہدایت شاہ کے قاتلوں کو گرفتار کرے بصورت دیگر سخت احتجاج کیا جائے گا۔

دریں اثنالسبیلہ میں کوئٹہ کراچی آر سی ڈی شاہراہ کھیر گولائی کے مقام پر جمعرات کی سہہ پہر ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار حوالدار نذیر احمد رونجھو ساکن گوٹھ اسحاقانی بیلا ہلاک ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق ٹرک کی ٹکر سے شدید زخمی حالت میں ریسکیو 1122 ٹیارہ سینٹر بیلا نے طبی امداد فراہم کرکے مزید علاج کیلئے کراچی منتقل کیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گئے۔

واضح رہے کہ کوئٹہ کراچی خونی شاہراہ دو رویہ نہ ہونے کے باعث آئے روز جان لیوا حادثات کا سبب بنی ہوئی ہے۔

Share This Article
Leave a Comment