افغانستان کے دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے نزدیک اتوار کو راکٹ حملے کے بعد دھماکا ہوا ہے۔اس کے نتیجے میں دو افراد ہلاک اور تین زخمی ہوگئے ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کابل کے ہوائی اڈے کے شمال مغرب میں واقع ایک مکان پر راکٹ گراہے اور مرنے والوں میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔یہ حملہ ایسے وقت میں کیا گیا ہے جب ہوائی اڈے سے باقی ماندہ امریکی فوجیوں کا انخلا جاری تھا۔
اس حملے سے صرف تین روز قبل جمعرات کو دوحملہ آور بمباروں نے کابل ائیرپورٹ کے ایک بیرونی دروازے اور ایک ہوٹل کے نزدیک جمع افغانوں کے ایک جم غفیر میں خود کو دھماکوں سے اڑا دیا تھا۔ان دھماکوں میں تیرہ امریکی فوجی اور 170 سے زیادہ افغان ہلاک ہوگئے تھے۔
عالمی دہشتگرد گروپ داعش نے اس خودکش بم حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ان بم دھماکوں کے ردعمل میں امریکا نے مشرقی افغانستان میں ایک ڈرون حملہ کیا تھا اور یہ دعویٰ کیا تھا کہ اس میں داعش کے دو سرکردہ دہشتگرد مارے گئے ہیں۔