کراچی : کیمیکل فیکٹری میں آتشزدگی سے 17 افراد ہلاک

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کی ایک کیمیکل فیکٹری میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں کم از کم 17 افراد ہلاک ہو گئے ہیں جبکہ مزید مزدوروں کے فیکٹری میں پھنسے ہونے کا اندیشہ ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کا کہنا ہے کہ یہ آتشزدگی کا سنگین واقعہ ہے جس میں آگ نے فیکٹری کے گراؤنڈ اور فرسٹ فلور کو اپنی لپیٹ میں لیا۔ 15 فائر ٹینڈرز نے آگ بجھانے کے عمل میں حصہ لیا اور اب عمارت کی کولنگ کا عمل جاری ہے۔

ایس ایس پی کورنگی شاہ جہان نے بی بی سی کو بتایا کہ اس وقت تک 16 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ موجود ہے، ان کا کہنا تھا کہ فیکٹری کی عمارت کو گرل لگی ہوئی ہے راستہ نہیں تھا آگ اوپر کی منزل پر لگی ہوئی تھی اس کی کھڑکیوں کو توڑ کر رسیکیو آپریشن کیا گیا جس وجہ سے تھوڑا وقت لگا تاہم تمام ادارے پہنچ گئے تھے۔

حکام کے مطابق فیکٹری میں آگ لگنے کی وجوہات کا ابھی پتہ نہیں چل سکا۔

فائربریگیڈ حکام کا یہ بھی کہنا ہے کہ دو منزلہ عمارت چاروں اطراف سے بند ہے، اسی لیے شاول کے ذریعے کھڑکیاں توڑ کر لاشوں کو نکالا جا رہا ہے جبکہ مزدروں کے لواحقین کی ایک بڑی تعداد بھی فیکٹری کے سامنے موجود ہے۔

فائربریگیڈ حکام کے مطابق آگ کی اطلاع ملنے کے بعد 10 بج کر 10 منٹ پر اُن کی پہلی گاڑی فیکٹری کی جانب روانہ کی گئی تھی۔

دوسری جانب حکومت سندھ کے ترجمان مرتضیٰ وہاب نے 14 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ بیشتر افراد دم گھنٹے کے نتیجے میں ہلاک ہوئے۔

مرتضیٰ وہاب کے مطابق پہلے فلور پر 21 کے قریب مزدور کام کر رہے تھے اور فیکٹری سے فوری طور پر باہر نکلنے کا کوئی راستہ موجود نہیں تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو پا لیا گیا ہے جبکہ پولیس اور فائر بریگیڈ حکام آگ کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

امدادی تنظیم چھپا نے صحافی محمد زبیر خان کو بتایا ہے کہ ابھی تک فیکڑی سے 15 لاشوں کو جناح ہسپتال کراچی پہنچایا گیا ہے۔

چھپا کے مطابق تمام لاشیں بری طرح جھلسی ہوئی ہیں جبکہ ابھی کچھ نہیں کہا جا سکتا کہ اور کتنے لوگ فیکٹری میں موجود ہوں گے یا نہیں۔

Share This Article
Leave a Comment