عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر ایمل ولی خان نے کہا ہے کہ افغانستان میں اشرف غنی طالب دو فریق نہیں، اشرف غنی امن کی علامت اور طالب دہشت اور وحشت کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا کہ جنگ افغان مٹی کی خودمختاری اورتزویراتی پالیسی کے تحت اس مٹی کو غلام بنانے کی ہے۔ اپنے مفاد کے لئے موجودہ حالات میں چھپ رہنے والوں کو تاریخ کبھی معاف نہیں کرے گی۔
چارسدہ میں مزدور کسان پارٹی کے زیر اہتمام پختون قامی جرگہ سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی صدر ایمل ولی خان نے کہا کہ پاکستان میں میڈیا پر قدغنیں لگا کردنیا کو افغانستان کی جھوٹی تصویر دکھانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ افغان صدر اشرف غنی کی افغانستان چھوڑنے کی خبریں جھوٹے پروپیگنڈوں کے سوا کچھ نہیں۔ یہ ہتکھنڈے افغان عوام کے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔اشرف غنی آج بھی میدان میں کھڑا دہشتگردوں کو للکار رہا ہے۔اورعوامی نیشنل پارٹی منتخب افغان صدر کے ساتھ کھڑی ہے۔