خاران میں فائرنگ سے نوجوان ہلاک،خضدار سے اغواء ہونےوالے مزدوربازیاب

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے علاقے خاران شہر میں قلعہ چوک پر موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کرکے ایک نوجوان کوقتل کردیا جبکہ خضدار میں اغواء ہونےوالے کنسٹرکشن کمپنی کے مزدوربازیاب ہوگئے۔

خاران سے اطلاعات ہیں کہ شہر میں قلعہ چوک پر فائرنگ سے ایک نوجوان ہلاک ہوگیا۔

ذرائع کے مطابق نامعلوم موٹرسائیکل سوار افراد نے عشا کے وقت پرانا گزی روڑ قلعہ چوک کشیدہ کاری کی دوکان پر فائرنگ کرکے ایک نوجوان کو قتل کردیا،جس کی شناخت اسماعیل کبدانی کی نام سے ہوئی ہے جو ایک سال لاپتہ ہونے کے بعد گزشتہ چند مہینے قبل بازیاب ہوگیا تھا۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش کو مزید ضروری کاروائی کیلئے ہسپتال منتقل کردی۔

دوسری جانب خضدار مولہ میں مسلح افراد نے گذشتہ ماہ ایک حملے میں ورلڈ بینک پروجیکٹ پر کام کرنے والے 11 ارکان کو رہا کردیا ہے۔

پولیس کے مطابق گذشتہ ماہ 22 فروری کو بلوچستان کے ضلع خضدار کے علاقے مولہ میں ورلڈ بینک کی جانب سے زیرِ تعمیر واٹر چینل منصوبے پر کام کرنے والی ایک نجی تعمیراتی کمپنی کے کیمپ پر موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے دھاوا بول دیا تھا۔

اس دوران حملہ آوروں نے کیمپ میں موجود ڈبل کیبن گاڑی میں 11 افراد کو زبردستی بٹھایا اور انہیں نامعلوم مقام کی جانب لے گئے۔

پولیس نے مغویوں کی شناخت پراجیکٹ منیجر گل شیر، غلام سرور، عبدالمالک بگٹی، مولانا بخش، محمد عرفان، اختیار و دیگر کے ناموں سے کی ہے، پولیس ذرائع کے مطابق مغویوں میں سے چھ کا تعلق سندھ جبکہ باقی مقامی شامل تھے۔

مولہ پولیس نے اس حوالے سے بتایا تھا کہ مسلح افراد نے مقامی تھانے پر بھی حملہ کیا جبکہ کئی گھنٹوں تک علاقے میں گشت کرنے بعد واپس چلے گئے۔

Share This Article