کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سربراہ نور ولی محسود نے کہا ہے کہ اُن کی جنگ صرف پاکستان کے سیکیورٹی اداروں کے خلاف ہے۔ لہٰذا یہ تاثر درست نہیں کہ ٹی ٹی پی کے جنگجو افغان طالبان کے ساتھ مل کر افغانستان میں لڑ رہے ہیں یا وہ القاعدہ کے ساتھ تعاون کرتے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے ‘سی این این’ کی جانب سے بھجوائے گئے سوالنامے کے نامعلوم مقام سے دیے گئے جوابات میں نور ولی محسود نے دعویٰ کیا کہ افغان طالبان کی افغانستان میں کامیابیاں پوری اُمت مسلمہ کی کامیابی ہے۔
اُن کا کہنا تھا کہ ہمارے افغان طالبان کے ساتھ تعلقات بھائی چارے، ہمدردی اور اسلامی اُصولوں کے تحت ہیں۔
نور ولی محسود کا مزید کہنا تھا کہ ایک مسلمان کی کامیابی دوسرے مسلمان کے لیے بھی مددگار ہوتی ہے۔ لہذٰا یہ وقت بتائے گا کہ افغان طالبان کی افغانستان میں کامیابیاں تحریک طالبان کے لیے کتنی سود مند ہوں گی۔
اُن کا کہنا تھا کہ ”ہماری لڑائی صرف پاکستان اور اس کی فوج کے ساتھ ہے اور ہمیں یقین ہے کہ بہت جلد ہم پاکستانی قبائلی اضلاع کا کنٹرول سنبھال لیں گے اور انہیں خود مختار بنائیں گے۔”