اٹلی میں کورونا سے 107افراد ہلاک، تعلیمی ادارے بند کر دیے گئے

ایڈمن
ایڈمن
4 Min Read

یورپ میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ملک اٹلی میں اس وائرس سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 107 تک جا پہنچی ہے جس کے بعد اس کے پھیلاو¿ کو روکنے کے لیے 10 روز کے لیے ملک بھر میں تمام سکول اور یونیورسٹیاں بند کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔

اٹلی کے حکام کے مطابق تمام سکول اور یونیورسٹیاں 15 مارچ تک بند رہیں گی۔

اٹلی کے وزیرِ اعظم جیوزیپی کونٹے کا کہنا ہے کہ ملک کی صحت کی سہولیات اس وائرس سے نمٹنے کے لیے ناکافی ہونے کا خطرہ ہے۔

آغاز میں اٹلی میں سامنے آنے والے تین ہزار کیسز میں سے اکثر ملک کے شمالی علاقوں میں تھے تاہم اب تک اٹلی کے 20 میں سے 19 ’ریجنز‘ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے۔

دنیا بھر میں اس وائرس کے باعث 3200 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 90 ہزار سے زائد متاثر ہوئے ہیں۔

متاثرہ افراد کی سب سے زیادہ تعداد چین میں ہے جہاں اس وائرس کی پہلی مرتبہ نشاندہی گذشتہ برس کے اواخر میں ہوئی تھی۔

عالمی ادارہ صحت نے اسے تا حال ایک ’عالمی وبا‘ قرار نہیں دیا لیکن بدھ کے روز جرمنی کے وزیرِ صحت نے کہا ہے کہ کورونا وائرس ایک عالمی وبا کی تعریف پر پورا اترتا ہے۔

جرمنی کے وزیرِ صحت جینز سپان نے کہا کہ ’صورتحال بہت تیزی سے تبدیل ہو رہی ہے۔۔۔ جو بات واضح ہے وہ یہ کہ ہم نے ابھی تک اس وبا کی انتہا نہیں دیکھی۔‘

81 ممالک میں کورونا وائرس کے کیسز کی تصدیق ہوئی ہے جن میں اٹلی، جنوبی کوریا اور چین سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔

اٹلی کی وزیرِ تعلیم لوسیا ایزولینا کا کہنا ہے کہ انھیں امید ہے کہ طلبا اپنی تعلیم جلد دوبارہ شروع کر سکیں گے۔

انھوں نے کہا کہ ‘تمام طلبا کو زندگی کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا میری ذمہ داری ہے چاہے ایک فاصلے سے ہی کیوں نہ دی جائیں۔’

مقامی میڈیا کا کہنا ہے کہ ماہرین صحت اور اٹلی کی وزارتِ صحت سکول بند کرنے کے حق میں تھے۔ ماہرین صحت یہ بھی چاہتے ہیں کہ فٹبال میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلے جائیں۔ ابھی تک متعدد میچ ملتوی کیے جا چکے ہیں۔

بدھ کے روز اٹلی میں کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کی تعداد 28 سے 107 تک جا پہنچی ہے۔ سول پروٹیکشن ایجنسی نے بدھ کے روز بتایا کے زیادہ تر اموات میلان کےقریب واقع لمبارڈی اور شمال میں بولوگنا اور وینس کے قریب ہوئی ہیں۔

اس سے قبل میلان کے قریب 11 قصبوں کو قرنطینہ کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے گئے تھے۔ ان قصبوں کی آبادی 50 ہزار کے لگ بھگ ہے لیکن ان اقدامات کے باوجود وائرس کے پھیلئاو کو نہیں روکا جا سکا۔

خبر رساں ایجنسی روئٹرز نے حکومتی دستاویزات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اٹلی اب سینما گھروں اور تھیٹرز کو بند کرنے اور مختلف اجتماعات پر پابندی لگانے کے حوالے سے سوچ رہا ہے۔

اس ہدایت نامے کے مطابق اٹلی کے لوگوں کو گلے ملنے اور ہاتھ ملانے سے اجتناب کرنے کی ہدایت دی جائے گی۔

Share This Article
Leave a Comment