افغان صدرنے طالبان قیدیوں کی رہائی پاکستان سے رخصتی پر مشروط کردی

0
543

افغان صدر اشرف غنی نے طالبان سے سوال کیا ہے کہ ان کا گروپ پاکستان میں اپنے ٹھکانے کب بند کرے گا۔

پیر کو صوبہ ننگرہار کے صدر مقام جلال آباد میں قبائلی زعما کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اشرف غنی نے کہا کہ امن مذاکرات کے دوران وہ عوام کے حقوق پر کوئی سمجھوتا نہیں کریں گے۔

افغان صدر نے کہا کہ ”مذاکرات کی میز پر سب کچھ ایک فریق کے لیے نہیں کیا جاتا۔ قیدیوں کے بارے میں بات کی جائے گی لیکن دوسری شرائط پر بھی نظر رہے گی۔ مثلاً آپ پاکستان سے کب رخصت ہوں گے؟“

انھوں نے اس بات کی تصدیق کی کہ کابل میں ہونے والے مذاکرات کے لیے مذاکرات کار کونسل کا بورڈ تشکیل دیا جائے گا۔

تاہم انھوں نے کہا کہ امن مذاکرات کاروں کی ٹیم کے اختیارات محدود ہوں گے، کیونکہ انتخابی عرصہ مکمل ہو چکا ہے اور یہ وقت قومی وحدت کا ہے۔

اشرف غنی نے کہا کہ اگلی کابینہ سیاسی بنیادوں پر تشکیل دی جائے گی اور حکومت سب کی شمولیت کے ساتھ تشکیل دی جائے گی۔ لیکن انھوں نے کہا کہ تکنیکی کام معاون وزرا اور آزاد تنظیموں کے سربراہان کا ذمہ ہوگا اور چند صوبائی گورنروں کے اختیارات تبدیل ہوں گے۔۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here