ثنااللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ کا پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان کے سابق کٹھ پتلی وزیر اعلیٰ ثنااللہ زہری اور پاکستان کے سابق وفاقی وزیر لیفٹننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادر بلوچ نے اپنے حامیوں کے ہمراہ پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے۔

دونوں رہنماؤں نے گزشتہ سال اکتوبر میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے کوئٹہ میں اجلاس کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ن) کو خیرباد کہہ دیا تھا۔

ثنااللہ زہری اور عبدالقادر بلوچ نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان اجلاس میں کیا جس میں ہم خیال سیاسی رہنماؤں، قبائلی عمائدین اور دونوں کے حامیوں نے شرکت کی۔

عبدالقادر بلوچ نے کہا کہ ‘ہم اپنے لوگوں، ہم خیال سیاسی اور قبائلی دوستوں سے مشاورت کر چکے ہیں اور ان کی رضامندی سے پارٹی قیادت کی دعوت پر پیپلز پارٹی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ہے’۔

ثنااللہ زہری نے ویڈیو لنک کے ذریعے بات کرتے ہوئے کہا کہ ‘ہم بند کمروں میں فیصلے نہیں کرتے، ہم اپنے لوگوں اور ہم خیال دوستوں سے مشاورت کے بعد فیصلے کرتے ہیں ‘۔

ثنااللہ زہری نے، جو مسلم لیگ (ن) بلوچستان کے صدر تھے، پارٹی قیادت کی جانب سے پی ڈی ایم کے اجلاس میں مدعو نہ کیے جانے پر (ن) لیگ سے کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

انہیں پی ڈی ایم اجلاس میں مدعو نہ کیے جانے کی وجہ سے بلوچستان نیشنل پارٹی (بی این پی) مینگل کے سربراہ سردار اختر مینگل کی یہ شرط تھی کہ اگر ثنااللہ زہری کو اسٹیج پر بلایا گیا تو وہ ریلی میں شرکت نہیں کریں گے۔

عبدالقادر بلوچ نے نواز شریف اور مریم نواز کے آرمی چیف اور مسلح افواج کے خلاف بیانیے کی مخالفت کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کو خیرباد کہا تھا۔

Share This Article
Leave a Comment