امریکی محکمہ دفاع کے افغان مشن پر نظر رکھنے والے انسپکٹر جنرل کے دفتر کی حالیہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان نے سال 2021 کے پہلے تین ماہ کے دوران امریکہ سے ہونے والے معاہدے کی پاسداری کرتے ہوئے امریکی اور اتحادی افواج پر حملے نہیں کیے، لیکن افغان عوام اور افغان سیکیورٹی فورسز کے خلاف کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔
رپورٹ کہتی ہے کہ طالبان نے دہشت گرد گروپ القاعدہ کے ساتھ قریبی روابط بھی برقرار رکھے ہیں اور ساتھ ہی بڑے پیمانے پر حملوں کی منصوبہ بندی بھی جاری رکھی ہے۔
یہ سب کچھ ایسے وقت پر ہوتا رہا ہے، جب طالبان اور افغان حکومت کے درمیان امن بات چیت کسی پیش رفت کی طرف بڑھنے میں ناکام نظر آرہی تھی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ طالبان ممکنہ طور پر افغان آبادیوں کے گڑھ اور سرکاری فوج کے خلاف کسی بڑی کارروائی کی تیاری کر رہے ہیں۔ جبکہ سال کی ابتدائی سہ ماہی میں افغان شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعات پیش آئے، جن میں سرکاری افسران، اساتذہ، صحافی، طبی عملے کے ارکان، اور مذہبی رہنما شامل تھے۔
اگرچہ طالبان ان کارروائیوں کی زمہ داری قبول نہیں کرتے، امریکی اور افغان حکام الزام عائد کرتے ہیں کہ وہ افغان عوام کو خوفزدہ کرنے اور افغان حکومت کے بارے میں بد اعتمادی پیدا کرنے کے لئے ایسے اقدامات کرتے ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جوں جوں افغانستان میں تشدد بڑھتا رہا، افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات پر کام کرنے والی ٹیمیں کسی بامعنی سمجھوتے تک پہنچنے میں ناکام رہیں۔
فروری 2020 میں طالبان نے اس بات پر آمادگی ظاہر کی تھی کہ مارچ میں بات چیت شروع کریں گے، لیکن امن بات چیت ستمبر 2020 تک شروع نہیں ہو سکی تھی، جبکہ بات چیت کے طریقہ کار کے بارے میں بنیادی ضوابط دسمبر 2020 تک طے نہیں پائے تھے۔
رپورٹ مرتب کرنے والی ٹیم کے عبوری سربراہ انسپکٹر جنرل شان ڈبلیو او ڈونل نے رپورٹ کے ابتدایئے میں لکھا ہے کہ مارچ 2021 کی سہ ماہی کے اختتام تک، دونوں فریقوں نے امن بات چیت کے لئے کسی ایجنڈے کو حتمی شکل نہیں دی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور طالبان کے درمیان فروری 2020 میں ہونے والے امن معاہدے کے بعد طالبان کی جانب سے افغان عوام اور افغان سیکیورٹی فورسز پر حملوں میں تاریخی اضافہ ہوا، خصوصا 2021 کے ابتدائی تین ماہ کے دوران ہونیو الے حملوں کی تعداد 2020 کے ابتدائی تین ماہ میں ہونے والے حملوں سے 37فیصد زیادہ تھی۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گزشتہ سال کی آخری سہ ماہی کے دوران ان حملوں کی تعداد 10431 تھی جب کہ اس سال کی پہلی سہ ماہی کے دوران یہ بڑھ کر 11551 تک پہنچ گئی۔