خان عبدالولی خان کی اہلیہ اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی سابق صوبائی صدر بیگم نسیم ولی خان انتقال کر گئیں۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک پیغام میں اے این پی کی جانب سے ان کی وفات کی اطلاع دی گئی۔
پاکستان کی تاریخ میں بیگم نسیم ولی خان وہ پہلی خاتون تھیں جو انتخابات کے نتیجے میں قومی اسمبلی کی عام نشست پر منتخب ہوئیں۔
انہوں نے 1977 کے عام انتخابات میں 8 جماعتوں پر مشتمل پاکستان قومی اتحاد کے ٹکٹ پر ایوانِ زیریں کے 2 حلقوں سے کامیابی حاصل کی تھی۔
تاہم اتحاد کی جانب سے انتخابی عمل کے بائیکاٹ کے سبب وہ اپنی رکنیت کا حلف اٹھانے سے محروم رہی تھیں۔
پارٹی کی جانب سے جاری بیان میں ان کی موت کی وجہ نہیں بتائی البتہ نمازِ جنازہ چارسدہ میں شام 6 بجے ادا کیے جانے کا اعلان کیا گیا۔