افغانستان: امریکی فورسز کا انخلا جاری، طالبان نے شمالی ضلع پر قبضہ کر لیا

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

افغانستان کے جنوبی حصے میں طالبان کے بڑے حملے سے بچنے کے لیے امریکا جنگی جہازوں کے ذریعے افغان فورسز کی مدد کر رہا ہے تاہم اس کے باوجود طالبان نے شمالی ضلع پر قبضہ کر لیا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی ‘اے ایف پی’ نے کہا کہ افغانستان کے جنوبی صوبے ہلمند میں گزشتہ ہفتے سے شدید لڑائی جاری ہے، جب امریکی فوج نے ملک سے باضابطہ طور پر اپنے باقی فوجیوں کا انخلا شروع کردیا ہے۔

امریکی فوج کو گزشتہ سال طالبان سے ہونے والے معاہدے کے مطابق پہلے یکم مئی تک انخلا مکمل کرنا تھا تاہم واشنگٹن نے اس مدت میں 11 ستمبر تک توسیع کردی جس پر طالبان نے ناراضی کا اظہار کیا تھا۔

سرکاری عہدیدار عتیق اللہ نے ہلمند کے دارالحکومت لشکر گاہ کے حوالے سے کہا کہ ‘امریکا کی طالبان کی پوزیشنز پر شدید بمباری نے ان کی لشکر گاہ میں پیش قدمی کو روک دیا ہے’۔

ہلمند کی صوبائی کونسل کے سربراہ عتیق اللہ افغان نے کہا کہ ‘بمباری شدید تھی، میں نے کئی سالوں میں اتنی شدید بمبار نہیں دیکھی’۔

انہوں نے کہا کہ ‘طالبان فورسز نے پیش قدمی کر لی تھی تاہم سرکاری فورسز نے ان میں سے چند علاقوں کا قبضہ دوبارہ حاصل کر لیا ہے’۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘طالبان نے چار روز سے ہلمند کے لگ بھگ تمام اضلاع میں اپنے حملے شدید کر دیے ہیں ‘۔

امریکی دفاعی عہدیدار نے سرکاری فورسز کی فضائی مدد کی تصدیق کی۔

انہوں نے کہا کہ ‘ہلمند اور ملک کے دیگر خطوں میں افغان فورسز کی مدد کے لیے امریکی فوج فضائی بمباری میں اہداف کو ٹھیک نشانہ بنانے کا سلسلہ جاری رکھے گی’۔

افغان فورسز اور امریکی فوج کی کارروائیوں کے باوجود طالبان نے شمالی صوبے بغلان کے ضلع بُرکا پر قبضہ کر لیا ہے۔

Share This Article
Leave a Comment