امریکی محکمہ خارجہ نے افغانستان میں تعینات افواج کے انخلا کے تناظر میں لاحق خطرات کی وجہ سے کابل میں قائم اپنے سفارت خانے کے عملے سے کہا ہے کہ سفارتخانے کے وہ ملازمین جو کہیں دور سے بھی اپنا کام انجام دے سکتے ہیں، انہیں کابل چھوڑ دینا چاہیے۔
اپنے ایک بیان میں امریکی محکمہ خارجہ نے امریکی شہریوں کے لیے انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ افغانستان کا سفر نہ کریں، کیوں کہ افغانستان کے تمام علاقے اس وقت غیر محفوظ ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ افغانستان میں دہشت گرد اور باغی گروپوں کی جانب سے حملے، اغوا کرنے، یرغمال بنانے، خود کش حملے، وسیع پیمانے پر عسکری کارروائیوں کا خطرہ ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ دہشت گرد، افغان اور امریکی کاروانوں اور تنصیبات پر حملوں کے منصوبے تیار کر رہے ہیں اور پہلے بھی سرکاری کارواں پر حملے کیے گئے ہیں۔ ان حملوں کا نشانہ غیر ملکی سفارت خانے، غیر سرکاری تنظیموں اور غیر ملکی کاروباروں کے دفاتر اور یہاں تک کہ اسپتال اور رہائشی علاقے بھی بن سکتے ہیں۔
ادھر، افغان صدر اشرف غنی نے کہا ہے کہ طالبان نے پچھلے کچھ مہینوں کے دوران افغانستان میں عوامی املاک کو ایک ارب ڈالر سے زیادہ کا نقصان پہنچایا ہے۔