بلوچستان کے ضلع پنجگور میں پاکستانی فورسز کی جانب سے جاری آپریشن کے دوران متعدد افراد حراست بعد نامعلوم مقام پر منتقل کردیئے گئے ہیں۔
فورسز نے پنجگور کے علاقے کیلکور میں فوجی آپریشن کرتے ہوئے 6 نوجوانوں کو حراست میں لے لیا ہے جن کی شناخت اشرف ولد ک±نر، واحد بخش ولد صدیق، صدیق ولد فقیر، صمد ولد گزو، رشید اور عیسٰی کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ 2019 کو پنجگور سے جبری گمشدگی کا شکار نوجوان آج بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا۔
مزید اطلاعات کے مطابق فورسز نے آپریشن کے دوران کئی گھروں کو جلا دیا ہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق پنجگور کے علاقے کیلکور و گردونواح میں گذشتہ پانچ روز سے فورسز کی جانب سے عام آبادی پر آپریشن کیا جارہا ہے۔
پنجگور و گردونواح میں فورسز آپریشنوں میں لوگوں کو گرفتار کرکے حراستی کیمپوں میں منتقل کرنے کے کئی واقعات اس سے قبل بھی پیش آئے ہیں تاہم سرکاری سطح پر ان آپریشنوں اور گرفتاریوں کی تصدیق نہیں کی جاتی ہے۔
دریں اثناپنجگور سے 15 اگست 2019 کو جبری طور پر گمشدگی کا شکار شاہ نظر آج بازیاب ہوکر اپنے گھر پہنچ گیا ہے۔
شاہ نظر، جہانزیب بلوچ کا بھائی ہے جسے چند روز قبل سی ٹی ڈی نے کوئٹہ سے گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔
شاہ نظر و جہانزیب کے والد نے کوئٹہ پریس کلب میں میڈیا سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا تھا کہ شاہ نظر و جہازیب کو فورسز نے پنجگور سے حراست میں لیکر نامعلوم مقام پر منتقل کردیا تھا تاہم جہانزیب کی گرفتاری ظاہر کی گئی تھی جو اب کوئٹہ ادہ جیل میں ہے۔