مریم نواز کو کچھ ہوا تو ذمہ دارجنرل باجوہ، جنرل فیض اور جنرل عرفان ہونگے،نوازشریف

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان مسلم لیگ نواز کے قائد، میاں محمد نواز شریف نے جمعرات کو ٹوئٹر پر اپنی جاری کردہ ویڈیو میں کہا ہے کہ ان کی بیٹی مریم نواز کو دھمکی دی گئی ہے کہ انھیں ‘سمیش’ SMASH کر دیا جائے گا۔

مریم نواز نے اپنے والد کی ٹویٹ کے بعد ایک صارف کو جواب دیتے ہوئے اپنی ایک ٹویٹ میں کہا کہ انھیں ’صرف دھمکیاں نہیں، گندی گالیاں بھی دی گئیں۔‘

نواز شریف کی جانب سے پاکستانی وقت کے مطابق رات 8.45 پر کی گئی ٹویٹ میں انھوں نے ویڈیو نشر کی اور پیغام لکھا کہ ‘پاکستان کے جمہوری نظام اور اخلاقیات کو پاو¿ں تلے روندتے ہوئے آپ اس حد تک گر چکے ہیں کہ پہلے آپ نے کراچی میں چادر اور چار دیواری کو پامال کیا، رات کے وقت مریم نواز کے ہوٹل کے کمرے کا دروازہ توڑا اور اب انھیں دھمکی دے رہے ہیں کہ اگر وہ باز نہ آئیں تو انھیں SMASH کر دیا جائے گا۔’

ویڈیو میں نواز شریف نے کہا کہ ’مریم جس جرات اور ایمان کے ساتھ عوام کے حق حکمرانی اور ووٹ کو عزت دو کی جنگ لڑ رہی ہیں انشا اللہ ان کی حفاظت اللہ کرے گا۔‘

نواز شریف نے کہا کہ ‘میں خدائی لہجے میں دھمکیاں دینے والوں کو تنبیہ کرنا چاہتا ہوں کہ اگر کسی نے کوئی مذموم حرکت کی تو اس کے ذمہ دار عمران خان کے علاوہ جنرل قمر جاوید باجوہ، جنرل فیض حمید اور جنرل عرفان ملک ہوں گے۔’

اپنی ویڈیو کے اختتام پر نواز شریف نے کہا کہ ‘جو کچھ آپ نے کیا ہے اور کرتے چلے آ رہے ہیں، یہ سنگین جرم ہے، اس کا آپ کو بہت جلد حساب دینا پڑے گا۔’

انھوں نے ویڈیو بیان میں الزام عائد کیا کہ ‘آپ’ نے سینیٹ انتخاب میں شکست کے بعد وزیر اعظم عمران خان کی اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں بھی مدد کی اور مزید دعوی کیا کہ ‘ڈسکہ کا الیکشن 2018 کے عام انتخابات کا ری پلے تھا۔‘ انھوں نے کہا کہ’پھر کہتے ہیں کہ ہمیں سیاست میں نہ گھسیٹا جائے۔’

تاہم واضح رہے کہ حکومت وزیر اعظم کے اعتماد کے ووٹ اور ڈسکہ انتخابات میں اپوزیشن کے الزامات کو سمسترد کرتی رہی ہے۔ حکومت کا الزام ہے کہ دراصل اپوزیشن نے سینیٹ کے انتخاب میں پیسے کے زور پر کامیابی حاصل کی۔

اس کے علاوہ پاکستانی فوج کے ترجمان ڈی جی آئی ایس پی آر بھی حالیہ عرصے میں مسلم لیگ ن کی قیادت کی فوجی قیادت پر سیاست میں مداخلت کی تنقید کو مسترد کرتے رہے ہیں اور ان کا سیاستدانوں سے کہنا ہے کہ فوج کو سیاست میں مت گھسیٹا جائے۔

سنگر نیوز واٹس ایپ چینل بلوچستان کی تازہ ترین، موثق اور لمحہ بہ لمحہ خبروں سے باخبر رہنے کے لیے ہمارے واٹس ایپ چینل کو فالو کیجیے۔
Share This Article
Leave a Comment