اراکین اسمبلی کے استعفے قبول نہیں کروں گا، قدوس بزنجو

ایڈمن
ایڈمن
2 Min Read

بلوچستان اسمبلی کے کٹھ پتلی اسپیکر قدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ اسمبلی ارکان کے استعفیٰ آئے تو انہیں ابتدائی طور پر قبول نہیں کروں گا تاہم بعد میں قانون کے مطابق فیصلہ کروں گا۔

کوئٹہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قدوس بزنجو نے کہا کہ ملک کے وسیع ترمفاد اور معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے ملک نئے انتخابات کا متحمل نہیں ہوسکتا لہٰذا جمہوری روایات کا تقاضہ ہے کہ منتخب حکومت پانچ سال مکمل کرے۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ اپوزیشن نے استعفیٰ دے دیے ہیں لیکن ان کے پاس اکثریت نہیں ہے، آئینی طور پر اپوزیشن کے استعفوں سے اسمبلیوں کو کوئی فرق نہیں پڑے گا۔

اسپیکر بلوچستان اسمبلی کا کہنا تھا کہ امید ہے کہ اپوزیشن اپنی پرامن احتجاجی تحریک جاری رکھے اور عوامی مسائل پر بات کرنے کے لئے پارلیمنٹ کا رخ کرے۔

انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستا ن اسمبلی میں اپوزیشن کا بہترین کردار رہا ہے لیکن حکومتی عدم توجہ کی وجہ سے اپوزیشن بھی مایوسی کا شکار ہے جس پر وزیراعلیٰ کو ذاتی طور پر بھی آگاہ کیا ہے کہ حکومتی وزراءکی اسمبلی میں حاضری کو یقینی بنائیں۔

قدوس بزنجو نے ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہاکہ حکومت اپوزیشن کے ساتھ مثبت ڈائیلاگ شروع کرے جب کہ جو بھی حکومت آئے اسے پانچ سال مکمل کرنے دیے جائیں اور آئندہ انتخابات میں عوام پر فیصلہ چھوڑا جائے کہ وہ کسے منتخب کرتے ہیں، ایسا کرنے سے ملک میں جمہوریت کو تقویت ملے گی۔

Share This Article
Leave a Comment