فغانستان سے ملحقہ قبائلی ضلعے شمالی وزیرستان میں سرگرم طالبان عسکریت پسندوں نے ایک روسی سیاح کو اغواء کرنے کا دعوٰی کیا ہے۔
اغواکاروں نے روسی مغوی کی تصویر بھی سوشل میڈیا پر شیئر کی ہے۔ تاہم ٹی ٹی پی کی جانب سے اس کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی۔
تحریکِ طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کو پاکستان کے ساتھ ساتھ اقوامِ متحدہ کی سیکیورٹی کونسل، امریکہ، برطانیہ، چین، ایران اور روس سمیت کئی ممالک دہشت گرد اور کالعدم تنظیم قرار دے چکے ہیں۔
شمالی وزیرستان کے سول انتظامی حکام نے بھی نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر ان اطلاعات کی تصدیق کی ہے۔ لیکن اغوا کیے گئے روسی سیاح کو کہا ںرکھا گیا ہے؟ اس بارے میں انہوں نے لاعلمی ظاہر کی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ شمالی وزیرستان میں کالعدم شدت پسند تنظیم تحریک طالبان پاکستان کے اتحادی کمانڈر حافظ گل بہادر گروپ کی شوریٰ مجاہدین نے روسی سیاح کو اغوا کیا ہے۔
کالعدم شدت پسند تنظیم کے بعض ذرائع نے بھی میڈیا کو روس کے سیاح کو اغواء کرنے کے دعوے کو درست قرار دیا ہے۔
عسکریت پسندوں کی سوشل میڈیا پر جاری کردہ پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ مغوی سیاح کے بازیابی کے لیے اسلام آباد میں روسی سفارت خانے کی جانب سے رابطے کیے جا رہے ہیں۔
تاہم اسلام آباد میں روسی سفارت خانے یا وزارتِ خارجہ کی جانب سے روسی سیاح کے اغوا پر ابھی تک کوئی موقف سامنے نہیں آیا ۔