نیپال میں ایک اورمسافر طیارہ گرکرتباہ،19 افراد ہلاک

0
55

نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو میں بدھ کے روز ایک طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہو گیا ہے، جس میں سوار تقریبا ًتمام افراد ہلاک ہو گئے۔ حکام کے مطابق اس طیارے میں 19 افراد سوار تھے۔

طیارے نے پرواز شروع کی تاہم وہ زیادہ اوپر نہیں جا سکا اور بلندی پر جانے سے پہلے ہی گر کر تباہ ہو گیا۔

نیپال کی فضائی صنعت کے پاس سلامتی کے حوالے سے کچھ بدترین ریکارڈ ہیں۔ نیپال کی فضائی صنعت ناکافی تربیت اور دیکھ بھال کی کمی کی وجہ سے دوچار رہی ہے۔

گزشتہ برس یتی ایئرلائن کا ایک طیارہ پوکھرا میں گر کر تباہ ہو گیا تھا، جس میں سوار تمام 72 افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

یہ سن 1992 کے بعد نیپال میں سب سے ہلاکت خیز واقعہ تھا، جس میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کے طیارے میں سوار تمام 167 افراد اس وقت ہلاک ہو گئے، جب طیارہ کھٹمنڈو ہوائی اڈے کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔

بدھ کے روز نیپال کے دارالحکومت کھٹمنڈو کے تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈے پر سوریا ایئر لائن کا ایک طیارہ ٹیک آف کے دوران گر کر تباہ ہو گیا، جس میں سوار تقریباً سبھی افراد کے ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔

ایئر پورٹ کے ترجمان پریم ناتھ ٹھاکر نے مقامی میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ پوکھرا جانے والے اس طیارے میں عملہ سمیت انیس افراد سوار تھے، جو مقامی وقت کے مطابق صبح گیارہ بجے کے قریب حادثے کا شکار ہوگیا۔

اطلاعات کے مطابق طیارے نے پرواز شروع ہی کی تھی کہ زیادہ بلندی پر جانے سے پہلے ہی گر کر تباہ ہو گیا۔

حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے اب تک 18 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

ایئر پورٹ کے انفارمیشن آفیسر گیانیندر بھل نے نیپال کے میڈیا ادارے دی ہمالیئن سے بات چیت میں کہا کہ طیارے کے کپتان 37 سالہ منیش شاکیا کو ملبے سے بچا لیا گیا اور علاج کے لیے قریبی ہسپتال پہنچایا گیا۔ ان کے مطابق اس طیارے میں ایئر لائن کا تکنیکی عملہ سوار تھا۔

حادثے کے بعد طیارے سے دھواں اٹھتا ہوا دیکھا گیا اور دیکھتے ہی دیکھتے ہی طیارہ شعلوں میں لپٹ گیا۔ امدادی کارروائیوں کے لیے پولیس اہلکار اور فائر فائٹرز کو جائے وقوعہ پر فوری طور پر تعینات کیا گیا۔

آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔ نیپال کا تریبھون بین الاقوامی ہوائی اڈا ایک ٹیبل ٹاپ ہوائی اڈہ ہے، جو ایک سطح مرتفع کے اوپر واقع ہے۔ یہ ایئر پورٹ چاروں طرف سے گہری گھاٹیوں اور وادیوں سے گھرا ہوا ہے۔ اس کا شمار دنیا کے خطرناک ترین ہوائی اڈوں میں ہوتا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here