عمان: امام بارگاہ مسجد پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد9 ہوگئی

0
41

عمان کے دارلحکومت مسقط میں  امام بارگاہ مسجد پر حملے میں ہلاکتوں کی تعداد9 ہوگئی ہے ۔

عمان کے حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت مسقط کے قریب ایک امام بارگاہ علی بن ابو طالب پر حملے میں 4 پاکستانی شہریوں سمیت 9 افراد کی ہلاکت ہوئی ہے۔

اطلاعات کے مطابق پیر کی شب قریب 11 بجے مسلح حملہ آور امام بارگاہ میں داخل ہوئے۔

ایک بیان میں عمان کی رائل پولیس کا کہنا ہے کہ امام بارگاہ پر حملے سے نمٹنے کے لیے فوجی اور سکیورٹی حکام کی جانب سے آپریشن کیا گیا۔

ان کے مطابق اس حملے میں مجموعی طور پر نو افراد کی ہلاکت ہوئی ہے جس میں ایک پولیس اہلکار اور3 حملہ آور شامل ہیں۔

عمانی حکام کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔

پاکستانی دفتر خارجہ نے ایک بیان میں عمانی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ امام بارگاہ پر حملے میں گولیاں لگنے سے 4 پاکستانی شہریوں کی ہلاکت ہوئی جبکہ 30 پاکستانی ہسپتالوں میں زیرعلاج ہیں۔

اس کا مزید کہنا ہے کہ ’پاکستان نے عمانی حکام کو تفتیش میں ہر ممکن تعاون کی پیشکش کی ہے تاکہ ماہ محرم میں اس جرم کے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔‘

پاکستانی سفیر کا کہنا تھا کہ ’حملہ 11 بجے ہوا جس کے دوران امام بارگاہ میں جاری مجلس میں موجود بچوں اور خواتین سمیت لوگوں کو تقریبا تین گھنٹے تک یرغمال بنایا گیا۔‘

عمان کی حکومت اور حکام کی جانب سے ابھی تک اس حملے کے بارے میں زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئی ہیں۔

ابو ظہبی کے اخبار دی نیشنل کے مطابق مسجد میں خواتین اور بچوں سمیت کئی افراد کو مسلح افراد نے یرغمال بنایا جنھیں بعد میں اسلحے سے لیس قانون نافذ کرنے والے اداروں نے رہا کروایا۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here