افغانستان سے ملحقہ پاکستان کے قبائلی ضلع شمالی وزیرستان میں پاکستانی فورسز پر 3 مختلف حملوں میں 7 اہلکار ہلاک اور6 زخمی ہو گئے ہیں۔
حکام کے مطابق عسکریت پسندوں کے حملوں میں ایک اہلکار کے لاپتا ہونے کی اطلاعات ہیں جب کہ زخمیوں کو بنوں کے فوجی اسپتال منتقل کر دیا ہے جن میں سے بعض کی حالت تشویش ناک ہے۔
فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے فوری طور پر ان واقعات کے بارے میں کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا۔ البتہ شمالی وزیرستان کے سول، پولیس اور دیگر سیکیورٹی عہدیداروں نے عسکریت پسندوں کے حملوں کی تصدیق کی ہے۔
حکام نے بتایا کہ سیکیورٹی فورسز پر پہلا حملہ تحصیل دتہ خیل کے علاقے حسن خیل میں ہوا جس میں 5 اہلکار ہلاک اور دو زخمی ہوئے جب کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ایک اہلکار لاپتا بھی ہو گیا ہے۔
دوسرا واقعہ شمالی وزیرستان کے دوسرے بڑے قصبے میر علی میں پیش آیا جہاں مبینہ عسکریت پسندوں نے سیمان چیک پوسٹ پر جدید خودکار ہتھیاروں سے حملہ کیا۔
اس حملے میں حکام نے 2 سیکیورٹی اہلکاروں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔
حکام نے بتایا کہ تیسرا واقعہ میرعلی سب ڈویژن کے علاقے اسپین وام میں بارودی مواد یا بموں کو ناکارہ بنانے والے بم ڈسپوزل اسکواڈ پر ہوا جو کہ دیسی ساختہ ریموٹ کنٹرول بم سے کیا گیا تھا۔
اس حملے میں مالی اور جانی نقصان کے بارے میں مزید تفصیلات اب تک سامنے نہیں آئی ہیں۔