پاکستان کے صوبہ سندھ کے دارلحکومت کراچی میں جاپانی شہریوں کی گاڑی پر ایک خودکش حملے میں 2 افراد ہلاک اور3 کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔
پولیس کادعویٰ ہے کہ جاپانی شہریوں کی گاڑی پر خودکش حملے اور فائرنگ کے واقعے میں 2 حملہ آور ہلاک اور کم از کم تین افراد زخمی ہوئے ہیں۔
یہ واقعہ جمعے کی صبح لانڈھی میں مانسہرہ کالونی کے قریب پیش آیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جاپانی شہری ایک ویگن میں سوار تھے اور زم زمہ سے لانڈھی صنعتی پراسیسنگ زون جا رہے تھے۔
ڈی آئی جی اظفر مہیسر نے جائے وقوع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خودکش حملہ آور نے جاپانی شہریوں کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑایا لیکن گاڑی ابھی کچھ فاصلے پر تھی اس لیے اس میں سوار غیرملکی محفوظ رہے۔
ان کے مطابق خودکش حملہ آور کے ساتھی نے فائرنگ بھی کی جس پر جاپانی شہریوں کے ساتھ موجود محافظوں اور قریب موجود پولیس موبائل میں سوار اہلکاروں نے جوابی فائرنگ کی جس سے حملہ آور ہلاک جبکہ جاپانی شہریوں کا ایک محافظ اور دو راہ گیر زخمی ہوئے ہیں۔
واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا جاپانی شہریوں کو قریبی پولیس سٹیشن منتقل کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوع سے ایک سب مشین گن اور دستی بموں سے بھرا بیگ بھی ملا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق شبہ ہے کہ حملہ آوروں نے غلط فہمی میں جاپانی شہریوں پر حملہ کیا ہے اور ان کا نشانہ چینی تھے ، ڈی آئی جی کے مطابق غیر ملکی شہریوں پر حملے کے خطرات موجود تھے اسی لیے انھیں پابند کیا گیا تھا کہ وہ سکیورٹی کے ساتھ سفر کریں گے۔