امریکی نشریاتی ادارے اے بی سی نیوز نے ایک امریکی اہلکار کے حوالے سے کہا ہے کہ اسرائیل نے ایران میں ایک مقام پر میزائل داغے ہیں۔
اس سلسلے میں ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی فارس نیوز نے ایرانی شہر اصفہان کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے قریب دھماکوں کی اطلاع دی ہے۔
تہران حکومت نے فوری طور پر دھماکوں کی اطلاعات پر کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز نے بھی کہا ہے کہ وہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر میزائل داغنے کی تصدیق آزادانہ طور پر نہیں کر سکا ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق ایران کے وسطی علاقے اصفہان میں دھماکے کی آواز سنی گئی ہے، ساتھ ہی شام کے السویدہ گورنریٹ میں بھی دھماکےکی اطلاعات ہیں۔
امریکی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ عراق میں بغداد اور بابل گورنریٹ میں بھی دھماکے ہوئے ہیں، تاہم کسی جانی نقصان کی تاحال کوئی اطلاع موصول نہیں ہوئی۔
امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی ائیرپورٹ کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ تہران، اصفہان اور شیراز کیلئے پروازیں دوسرے ائیرپورٹس کی جانب موڑ دی گئی ہیں۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق اصفہان کے ہوائی اڈے پر دھماکا ہوا ہے تاہم اب تک نوعیت کا تعین نہیں کیا گیا۔
ایرانی خبر ایجنسی کے مطابق ایران نے متعدد شہروں میں ائیرڈیفنس سسٹم فعال کردیا ہے، اصفہان اور شیراز کیلئے پروازیں معطل کردی گئیں جبکہ تہران ائیرپورٹ پر پروازوں کی منسوخی کے اعلانات کیساتھ لوگوں کو گھر جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔