بھارتی پارلیمنٹ کے 143 اپوزیشن ارکان کو معطل کردیا گیا

0
184
فوٹو: اے بی پی نیوز

بھارتی پارلیمنٹ میں سیکورٹی مسئلے پر احتجاج کرنے پر 143 اپوزیشن ارکان کو معطل کردیا گیاہے۔

اپوزیشن ارکان کا مطالبہ ہے کہ 13 دسمبر کو پارلیمان کی سیکیورٹی میں خامی کی وجہ سے دو افراد کے ایوان کے اندر داخلے اور رنگین گیس چھوڑنے کا جو واقعہ پیش آیا اس پر وزیرِ داخلہ امت شاہ ایوان کے اندر بیان دیں۔

اس معاملے میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا کا کہنا ہے کہ پارلیمان کی سیکیورٹی کا معاملہ پارلیمنٹ کے سیکریٹریٹ کے تحت آتا ہے۔ اس معاملے میں ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ ایوان کے اندر اور باہر احتجاج کرنے والوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور دہلی پولیس جانچ کر رہی ہے۔ اس معاملے میں حکومت مداخلت نہیں کر سکتی۔

لیکن جب اپوزیشن کی جانب سے احتجاج ہوتا رہا اور وہ اپنے مطالبے پر قائم رہے تو پیر، منگل اور بدھ کو اپوزیشن ارکان کی معطلی کا سلسلہ جاری رہا اور اس طرح غیر معمولی واقعے میں معطل ارکان کی تعداد 143 تک پہنچ گئی۔

معطل شدہ ارکان میں لوک سبھا کے 97 اور راجیہ سبھا کے 46 ارکان ہیں۔

اس طرح اب اپوزیشن کے تقریباً ایک تہائی ارکان پارلیمانی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

بھارت کی پارلیمانی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے جب اتنے ارکان معطل کیے گئے ہیں۔ اس سے قبل 1989 میں راجیو گاندھی کے دورِ حکومت میں 63 ارکان کو معطل کیا گیا تھا۔

بھارتی پارلیمنٹ کی سیکیورٹی میں خامی کے معاملے پر حکومت اور حزبِ اختلاف کے درمیان تناؤ بڑھتا جا رہا ہے جس کی وجہ سے پارلیمانی اجلاس کی بقیہ مدت کے لیے اپوزیشن کے معطل ہونے والے اراکین کی تعداد 143 تک جا پہنچی ہے۔

پارلیمان کا سرمائی اجلاس 22 دسمبر تک چلے گا۔

یاد رہے کہ رواں پارلیمنٹ کا یہ آخری اجلاس ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here