جرنیلوں کی ایما پر پشتون و بلوچوں کیساتھ ہتک آمیز رویہ اختیار کیا جا رہا ہے، منظور پشتین

0
203

پشتون تحفظ موومنٹ کے قائد منظور پشتین نے پی ٹی ایم رہنماؤں اور ایڈووکیٹ ایمان مزاری کی گرفتاری پہ رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل رات گئے اسلام آباد پولیس نے پی ٹی ایم کے رہنما اور سابقہ ایم این اے علی وزیر، انسانی حقوق کی علمبردار ایڈووکیٹ ایمان مزاری ، پی ٹی ایم اسلام آباد کے کوآرڈینیٹر کامران خان اور اس کے ساتھی وسیم پشتین اور نورزادہ محسود کو اپنے تین بیٹوں سمیت گرفتار کر لیا ہے، اور اسی طرح ڈیرہ اسماعیل خان سے پی ٹی ایم کے ساتھی شاہ فیصل غازی، جمال مالیار اور فدا محسود کو گاڑی سے اتار کر گرفتار کر لیا گیا اور اب بھی پی ٹی ایم کے کارکنوں پر بدستور ریاستی کریک ڈاؤن جاری ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہے کہ پشتونوں اور بلوچوں کے ساتھ اس قسم کا رویہ جرنیلوں کی ایماء پر اختیار کیا جا رہا ہے اور ان کے عقوبت خانوں میں قید پی ٹی ایم کے ساتھیوں سے زور اور زبردستی طرح طرح کے بیانات دلوائے جا رہے ہیں بجائے اس کے کہ ان کو قانون کے حوالے کیا جائے اور عدالتوں میں پیش کیا جائے انکے ساتھ غیر قانونی اور غیر انسانی رویہ اختیار کیا جا رہا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی ایم کے ساتھیوں کو اپنے وطن سے محبت اور اپنے لوگوں کے لیے پرامن زندگی مانگنے کی سزا دی جا رہی ہے۔

منظور پشتین نے کہا کہ ہم پہلے بھی اس سے زیادہ سخت حالات سے گزر چکے ہیں اور ہم ان کو بتانا چاہتے ہیں کہ کسی بھی قیمت پر اپنے پرامن مزاحمتی جدوجھد سے پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ ہم اپنے کارکنوں کی رہائی کے لئے قانونی جنگ کے ساتھ ساتھ بہت جلد ایک مربوط مزاحمتی لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here