ڈیوٹی سے انکاری فوجی اہلکاروں کودلاسہ دینے عمران خان اورجنرل باجوہ نوشکی پہنچ گئے

0
951

ڈیوٹی سے انکاری فوجی اہلکاروں کودلاسہ دینے پاکستان کے وزیر اعظم اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سخت سیکورٹی میں ایک روزہ دورے پر بلوچستان کے علاقے نوشکی پہنچ گئے۔

نوشکی بھر میں سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے ہیں،جگہ جگہ چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے تاکہ وی آئی پیز کو بلوچ سرمچاروں کے کسی بھی حملے سے روکا جاسکے۔

وزیراعظم عمران خان اورر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سخت سیکورٹی میں الگ الگ بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ پہنچے جہاں سمنگلی ائیر بیس پر کٹھ پتلی وزیراعلیٰ بلوچستان قدوس بزنجو نے ان کااستقبال کیا۔

جس کے بعد عمران خان اور قدوس بزنجوبذریعہ ہیلی کاپٹر نوشکی روانہ ہو گئے۔جہاں وزیراعظم نوشکی ایف سی کیمپ کا دورہ کر کے ایف سی افسروں اور اہلکاروں سے ملاقات کرینگے۔

وزیراعظم کے ہمراہ وفاقی وزراء بھی ہیں۔

پاکستانی میڈیا کا آئی ایس پی آر ذرائع کے حوالے سے کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ گذشتہ روز نوشکی میں حملہ آوروں کو شکست دینے والے فوجی جوانوں کو خراج تحسین پیش کرنے نوشکی پہنچے ہیں۔

آئی ایس پی آرکا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل آج کا دن فوجی جوانوں کے ساتھ گزاریں گے اور وہ 2 فروری کو ایف سی ہیڈ کوارٹرزحملہ پسپا کرنے میں حصہ لینے والے فوجیوں سے ملاقات کریں گے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان بھی نوشکی پہنچے جہاں انہوں نے فوجی جوانوں سے ملاقات کی اور ان سے خطاب بھی کیاجس میں وزیراعظم نے حملہ آوروں کو پسپا کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

فوجی اہلکاروں سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے ایف سی اور رینجرز کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا اعلان کردیا۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جوانوں کی دلیری پر ساری قوم کی طرف سے انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ نوشکی اس لیے آیا کہ آپ کو پیغام دوں ساری قوم آپ کیساتھ کھڑی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ نوشکی دورے پر عمران خان اورجنرل باجوہ کو نوشکی میں جامع بریفنگ دی جائے گی جب کہ دورے کے دوران وزیراعظم ہلاک اہلکاروں کے قبروں پر پھول رکھیں گے۔

جبکہ وزیراعظم اور آرمی چیف مقامی قبائلی عمائدین سے بھی بات چیت کریں گے۔

سیکورٹی فورسزکے اندرونی ذرائع نوشکی اور پنجگورمیں بلوچ سرمچاروں کے حملوں کے بعد فوجی اہلکارخوف کے باعث ڈیوٹی دینے سے انکاری ہیں اسی لئے وزیر اعظم اور آرمی چیف دورے پر نوشکی پہنچ گئے ہیں تاکہ اپنے اہلکاروں کی دلاسہ دے سکیں اور ان کے مورال بلند کرسکیں۔

خیال رہے کہ 2فروری کو آزادی پسند بلوچ مسلح تنظیم بی ایل اے کے مجید بریگیڈکے 16فدائین نے بروقت نوشکی اور پنجگور میں پاکستانی فوجی ہیڈ کوارٹرز پر حملے کئے اور تین دن تک اپنا قبضہ جمائے رکھا۔اس دوران سینکڑوں فورسز اہلکارہلاک ہوئے۔ جن میں 9کی تصدیق آئی ایس پی آر نے کی جبکہ بی ایل اے نے ہلاکتوں کی تعداد 195بتائی ہے۔پاکستانی فورسز پر بی ایل اے کی مجید بریگیڈ کی جانب سے کئے گئے”گنجل آپریشن“ میں 16 فدائین شہید ہوگئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here