انتہا پسندوں کے اسلام کیخلاف آخر تک جنگ جاری رکھیں گے، فرانس

ایڈمن
ایڈمن
3 Min Read

فرانسیسی وزیر اعظم ڑاں کاسٹیکس نے انتہا پسند مسلمانوں کے خلاف اعلان جنگ کرتے ہوئے کہا ہے، ”ہم اپنے دشمن کو پہچانتے ہیں۔“ انہوں نے کہا کہ پیرس حکومت ”انتہا پسندوں کے اسلام“ کے خلاف آخر تک انتھک جنگ جاری رکھے گی۔

وزیر اعظم ڑاں کاسٹیکس نے یہ بات ہفتہ سات نومبر کے روز جنوبی فرانس کے شہر نِیس میں وہاں ایک حالیہ دہشت گردانہ حملے کے ہلاک شدگان کی یاد میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

نِیس میں 29 اکتوبر کے روز تیونس سے تعلق رکھنے والے ایک شخص نے ایک مقامی چرچ میں ایک دہشت گردانہ حملہ کیا تھا۔

ملزم نے، جو ایک بڑے چاقو سے مسلح تھا، ایک خاتون کا سر قلم کر دینے کے علاوہ دو دیگر افراد کو قتل بھی کر دیا تھا۔ اس حملے کے وقت ملزم ‘اللہ اکبر‘ کے نعرے لگا رہا تھا۔

اس حملے کے دوران یہ شدت پسند خود بھی پولیس کی گولی لگنے سے شدید زخمی ہو گیا تھا۔ اسے فوری طور پر ہسپتال پہنچا دیا گیا تھا، جہاں اس کی حالت ابھی تک تشویش ناک ہے۔

اس پس منظر میں نِیس میں منعقدہ یادگاری تقریب سے خطاب کرتے ہوئے فرانسیسی سربراہ حکومت ڑاں کاسٹیکس نے آج کہا، ”ہم اپنے دشمن کو پہچانتے ہیں۔ اس کی نہ صرف شناخت ہو چکی ہے، بلکہ اس کا ایک نام بھی ہے۔ اس دشمن کا نام ‘انتہا پسندانہ اسلام‘ ہے، جو ایک سیاسی نظریہ ہے اور جو ایک مذہب کے طور پر اسلام کے منافی ہے۔“

وزیر اعظم کاسٹیکس نے تقریب کے شرکاءسے خطاب کرتے ہوئے کہا، ”اس دشمن کے خلاف آخر تک انتھک جنگ کے لیے پیرس حکومت تمام ضروری وسائل بروئے کار لاتے ہوئے روزانہ کی بنیاد پر اپنی تمام تر توانائیاں استعمال کرے گی۔“

نِیس میں اس حملے سے قبل 16 اکتوبر کے روز پیرس کے مضافات میں ایک 18 سالہ چیچن نڑاد مہاجر نے بھی ایک بڑے چاقو سے حملہ کرتے ہوئے ایک ایسے فرانسیسی ٹیچر کا سر قلم کر دیا تھا، جس نے اپنی کلاس میں طلبا کو پڑھائی کے دوران آزادی اظہار رائے کے حق میں دلائل دیتے ہوئے پیغمبر اسلام کے خاکے دکھائے تھے۔

اس پس منظر میں فرانسیسی وزیر اعظم نے نِیس میں اپنے خطاب میں کہا، ”انتہا پسندوں کا اسلام ان کا ایسا سیاسی پیغام ہے، جس کے ذریعے وہ اسلام کی اصل روح اور اس کے حقیقی پیغام کو توڑ مروڑ کر پیش کرتے ہیں۔“

Share This Article
Leave a Comment