نواز شریف فوج کواپنے چیف کیخلاف بغاوت کا کہہ رہے ہیں ، عمران خان

0
274

پاکستان کے وزیراعظم عمران خان نے مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف کی جانب سے اپنی تقاریر میں آرمی چیف اور خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا نام لیے جانے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے اور ان پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ فوج سے کہہ رہے ہیں کہ وہ بغاوت کرے۔

خیال رہے کہ میاں نواز شریف نے 11 سیاسی جماعتوں کے اتحاد پی ڈی ایم کے جلسوں میں فوج کے سربراہ کا نام لے کر انھیں تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔

سوات میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ باہر جا کر نواز شریف نے این آر او لینے کی کوشش کی لیکن وہ جانتے ہیں کہ عمران خان این آر او نہیں دینے لگا اور اب انھوں نے باہر بیٹھ کر فوج اور عدلیہ کے خلاف گیم شروع کی ہے۔

’یہ جو اس نے گیم شروع کی ہے کہ پاکستانی فوج کو اٹیک کر رہا ہے اور عدلیہ کو بھی، فوج کو کہہ رہا ہے کہ اپنا آرمی چیف اور آئی ایس آئی چیف بدلو یعنی بغاوت کرنے کا کہہ رہا ہے۔ لندن میں بیٹھ کر فوج کو کہہ رہا ہے کہ بغاوت کرو اپنے چیف کے خلاف۔‘

انھوں نے مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کی تقاریر پر بھی تنقید کی اور کہا ان کی بیٹی (مریم نواز ) پاکستان میں خواتین کو دی جانے والے عزت کا فائدہ اٹھا رہی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز فوج کے خلاف وہ زبان استعمال کر رہی ہیں ‘جو ہر روز اپنی قربانیاں دے رہی ہے اس ملک کے لیے۔‘

انھوں نے الزام عائد کیا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری ان سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ نواز شریف پر کیس زرداری نے کیے اور آج دونوں اکٹھے ہو کر مجھ سے این آر او مانگ رہے ہیں۔ تاہم انھوں نے واضح کیا کہ قانون کی بالا دستی کا مطلب ہے کہ قانون کی نظر میں سب برابر ہیں۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ جس دن میں نے اپنی کرسی بچانے کے لیے انھیں رعایت دی تو میں اپنے ملک سے سب سے بڑی غداری کروں گا۔ ‘جنرل مشرف نے ان دونوں کو این آر او دے کر ملک پہ سب سے بڑا ظلم کیا۔‘

عمران خان نے کہا کہ یہ ملک اس دن ترقی کرے گا جب یہاں قانون کی بالادستی ہو گی۔ ان کا کہنا تھا کہ’میں پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے اور قانون کی بالادستی قائم کرنے کے لیے پورا زور لگا رہا ہوں۔‘

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here