بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ایک بم دھماکے میں کم از کم 8 افراد ہلاک اور 21 زخمی ہوئے ہیں۔
دھماکہ ضلع کچہری کے سامنے شاہراہ عدالت پر ہوا اور ہلاک ہونے والوں میں دو پولیس اہکار بھی شامل تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق دھماکہ اس وقت ہوا جب اس علاقے میں اہل سنت والجماعت کے زیر اہتمام کشمیر یکجہتی مذہبی تقریب منعقد ہونا تھی۔
ہسپتال ذرائع کے مطابق زخمیوں میں سے بعض کی حالت تشویشناک ہے جس کے باعث ہلاکتوں میں اضافے کے امکان کو مسترد نہیں کیا جا سکتا۔
جائے وقوعہ کی تصاویر سے یہ اندازہ ہوتا ہے کہ یہ دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ اس سے آس پاس کی عمارتوں کے شیشے ٹوٹ گئے جبکہ گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔