پاکستان کے شہر سیالکوٹ میں پولیس نے غلطی سے ورکنگ باو¿نڈری عبور کرنے والے بھارت کے ریاست پنجاب کے شہری کو گرفتار کرکے مقدمہ درج کرلیا۔
سیالکوٹ کے تھانہ کینٹ کی پولیس کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر ورکنگ باو¿نڈری عبور کرکے پاکستان میں داخل ہونے ہونے والے بھارت کے شہری ہریندر سنگھ کو گرفتار کرلیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہریندر سنگھ کا تعلق بھارت کے علاقے کامل پور سے ہے اور انہیں سجیت گڑھ روڈ پر کندن پور کے قریب سے گرفتار کیا گیا۔
سیالکوٹ پولیس کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ملزم ہریندر سنگھ نے اپنے والد کا نام کشمیر سنگھ بتایا۔
ترجمان کے مطابق تھانہ کینٹ کی پولیس موبائل نے بھارت کے شہری کو کندن پور کے قریب سے گرفتار کیا جہاں وہ پیدل آرہا تھا اور غیر قانونی طور پر سیالکوٹ کے راستے پاکستان کی حدود میں داخل ہوا تھا۔
پولیس کا کہنا تھا کہ ان کے پاس اجازت نامہ اور نہ ہی پاسپورٹ ہے۔
سیالکوٹ پولیس نے ہریندر سنگھ کے خلاف فارنرز ایکٹ 1946 کے سیکشن 14 کے تحت پولیس اہلکاروں کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا اور مزید تفتیش کی جارہی ہے۔